{AF}
ریاست میں تعمیر نو،گورننس،سوالیہ نشان بن چکے ہیں۔عبد الرشید ترابی{/AF}
باغ (پ ر) امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبد الرشید ترابی نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کی سر پرستی حکومتی وزراء کی سرپرستی میں ہو رہی ہے اگر ریاست کے وزراء سارے وسائل لے کر عام آدمی پر ٹوٹ پڑیں گے تو انصاف کون فراہم کرے گا،برائی کے خلاف آزاد کشمیر کے لوگ مزاحمت کے لیے تیار ہو جائیں ،جماعت اسلامی 23نومبر کے بعدآزادکشمیر بھر میں عوامی مسائل سننے کے لیے کھلی کچہریاں لگائے گی،آزاد کشمیر میں نظریاتی حکومت کا قیام اور آئینی اصلاحات کے حوالے سے جامع پیکج تیار ہے اس کو آگے بڑھنا چاہیے ،55لاکھ مقبوضہ کشمیر کے عوام سیلاب سے متاثر ہیں اور بھارت کسی کو جانے کی اجازت نہیں دے رہا،حکومت پاکستان کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے میاں نواز شریف کو جنرل اسمبلی میں متاثرین سیلاب کے مسائل کو اٹھانا چاہیے تھا، ملین مارچ کے حوالے سے بیر سٹر سلطان سے مشاورت ہوئی تھی ، اور اس کی کامیابی میں تحریک کشمیر برطانیہ، یو کے اسلامک مشن، اور دیگر ہماری برادر تنظیموں نے بھر پور کردار ادا کیا،ملین مارچ کے کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی پر افسوس ناک واقعہ ہوا ہندوستان نے مارچ روکنے کی کوشش کی لیکن ایسا نہ ہو سکا پیپلز پارٹی کی اندرونی چپقلش کی وجہ سے بد مزگی ہوئی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے برطانوی پارلیمنٹ سے قرارداد پاس ہونی چاہیے جس کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہیں ،آئندہ سال 27اکتوبر بھرپور طریقے سے منائیں گے ، لیڈر شپ اجتماعی طور پر مسئلہ کشمیر کے لیے متحد ہو جائے ۔پریس کلب باغ کی CMHبناؤ تحریک کی مکمل حمایت کا اعلا ن کرتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی ضلع باغ عثمان انور ،حاجی افراہیم ، مولانا ہدایت اﷲ، خالد کھوکھر ، خورشید چغتائی، فاروق شاہ، آزاد طارق، عزیزاﷲ شاہ،ساجد شفیق، اور دیگر بھی موجود تھے، امیر جماعت اسلامی عند الرشید ترابی نے کہا کہ برطانیہ کے الیکشن آنے والے ہیں اور اس میں مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے ،100حلقوں میں فیصلہ کن ووٹ کشمیریوں کا ہے، اور اگر ہم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا تو اپنے ہم خیال پارلیمنٹ میں بھیج سکتے ہیں ،جس کے لیے لارڈ نذیر ،لارڈ قربان، لارڈ بر منگھم اور دیگر کردار ادا کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیری جہاں پر ہیں ان میں چنگاری جیسا جذبہ موجود ہے ، ڈاکٹر غلام نبی فائی بھی پروگرام طے کر رہے ہیں ، آزاد کشمیر کا بیس کیمپ بڑا اثاثہ ہے ، اور یہاں ایک نظریاتی حکومت کا قیام اشد ضروری ہے انہوں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا سلسلہ بند کرے وقت آ گیا ہے کہ بھارت کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ تعمیر نو کے مسائل گھمبیر ہو چکے ہیں ،باغ میں قبضہ مافیا کا راج ہے اور مقامی وزیر قبضہ مافیا کے سر پرست بنے ہوئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کی محافظ ہے اور کسی کو حقوق غصب نہیں کرنے دے گی، ضلع باغ کے عوام کے CMHکے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں اور اس کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مینار پاکستان کے اجتماع عام کے بعد ضلع باغ سمیت آزاد کشمیر بھر میں عوامی مسائل سننے کے لیے کھلی کچہریاں لگائے گی اور اس میں ریاستی بیورو کریسی اور حکومت کے لوگوں کو بھی مدعو کیا جائے گا آزاد کشمیر کے سیلاب متاثرین بے یار و مدد گار پڑے ہوئے ہیں اور ان کے مسائل سننے والا کوئی نہیں ہے۔