{AF}
نریندر مودی کے خطرناک عزائم ناکام بنانے کے لیے ٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی ‘ عبدالرشید ترابی {/AF}
برطانیہ میں جس طرح کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے ملین مارچ میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اسی طرح برطانیہ کے آمدہ انتخابات میں بھی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ افراد کو برطانیہ کا ممبر پارلیمنٹ بنائیں اور ایسے امیدواروں کو ووٹ دیں جو کشمیر پر ہماری حمایت کرے ‘برطانیہ میں مقیم نوجوان سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں تا کہ ہندوستان کے مظالم کو دنیا میں بے نقاب کیا جائے ‘ نام نہاد انتخابات حق خود ارادیت کا نعم البدل نہیں ہیں حریت قائدین نے بائیکاٹ کا اعلان کر کے پوری دنیا کو پیغام دے دیا ہے لندن ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و کنوینئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کے خطرناک عزائم ناکام بنانے کے لیے ٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی ۔ قومی اور عالمی سطح پر ہندوستان کے مظالم بے نقاب کرنے ہوں گے ‘ اس کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے مل کر بے نقاب کرنا ہوگا ۔جس طرح کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ ملین مارچ میں شرکت کی ہے اسی طرح مل کر اچھی حکمت عملی بنا کر آمدہ برطانوی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پارلیمنٹ کا ممبر بنائیں اور ایسے امیدواروں کو ووٹ دیں جو کشمیر پر ہماری حمایت کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی ‘ جماعت اسلامی کے سابق سیکرٹری جنرل اور اوور سیز کشمیریوں کے انچارج راجہ جہانگیر خان ‘ محمد شریف چوہدری سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیری نوجوان سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہندوستان کے مظالم بے نقاب کریں انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے آنے کی وجہ سے نہ صرف مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم میں اضافہ ہو گیا ہے بلکہ سیز فائر لائن اور ورکنگ باؤنڈریز پر بھی جارحیت شروع کر دی گئی ہے واہگہ بارڈر پر حملہ ہو یا بلوچستان میں تخریب کاری ان سب کے پیچھے ہندوستان کارفرما ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کا ڈرامہ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے ہندوستانی فوج گن پوائنٹ پر لوگوں کو ووٹ ڈالنے پر مجبور کرتی ہے اور چند لوگوں کو پولنگ اسٹیشنوں پر لے جا کر یہ اعلان کرواتی ہے کہ انتخابات ہو گئے ہیں ۔ حریت قائدین نے ان ڈرامہ انتخابات کا بائیکاٹ کر کے دنیا کو بتا دیا ہے کہ وہ حق خود ارادیت کے متبادل ان انتخابات کو نہیں سمجھتے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پانچ لاکھ شہداء پیش کیے ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ملین مارچ کی طرح اور بھی مارچ ہوں گے ہندوستان کو ہر سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت خوش آئند ہے ۔ او آئی سی کنٹیکٹ گروپ کو کشمیر بھیجے تاکہ وہ متاثرین سیلاب کی صورت حال کا بھی جائزہ لیں اور وہاں ہونے والے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا جائزہ لیں انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ متاثرین سیلاب کو تنہا نہ چھوڑیں ہندوستان نہ خود مدد کر رہا ہے نہ کسی کو جانے کی اجازت دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک بھارت سے دو ٹوک انداز میں بات کریں کہ وہ کشمیریوں کا تسلیم شدہ حق فراہم کرے ۔