{AF}
سکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو کشمیریوں حق خود ارادیت نہ دینا نا انصافی ہے‘ عبدالرشید ترابی {/AF}
ہاؤس آف لارڈ میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لانے کی تحریک جمع کرا دی ‘ لارڈ قربان ہندوستان متاثرین سیلاب کی امداد نہ خود کر رہا ہے نہ کسی کو امداد کرنے کی اجازت دے رہا ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے ‘ برطانیہ میں نوجوان نسل کو تحریک آزادی کشمیر سے وابستہ کیا جائے ‘ پڑھے لکھے نوجوانوں کو آگے لایا جائے ‘ نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے ‘تحریک آزادی کشمیر کو کامیابی کی منزل سے ہم کنار کرنے کے لیے بیس کیمپ کا حقیقی کردار ضروری ہے ‘ کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل اس میں پیش رفت کر رہی ہے لوٹن( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر و کنوینئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ سکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ دینا بد ترین نا انصافی اور ظلم ہے ‘ عالمی برادری اپنا دہرا معیار ترک کر کے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر لارڈ قربان حسین ‘ فہیم کیانی ‘ محمد غالب ‘ اقدس مغل سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی حکمت اور بصیرت سے کام کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ اپنے ہم خیال افراد کو پارلیمنٹ تک پہنچائے اپنے نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو مسئلہ کشمیر سے وابستہ کرے مسئلہ کشمیر محض ایک مارچ اور ایک تقریر سے حل نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے مسلسل محنت اور جدوجہد کرنی ہوگی ۔ یہاں کا میڈیا اور رائے عامہ کو اپنا ہمنوا بنانے اور ان کو کشمیر میں ہونے والے مظالم سے آگاہ رکھنے کے لیے اپنا موقف ان تک پہنچانے کے لیے ان سے رابطوں کا اہتمام بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تمام سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کشمیر رابطہ کونسل قائم کی ہے جو کشمیر کے مسئلے کو فوکس کیے ہوئے ہے اور اس پلیٹ فارم سے آئینی اصلاحات کا عمل بھی شروع ہے تاکہ آزاد خطے کو حقیقی کردار ادا کرنے کے لیے آئینی ترامیم کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ سے اچھی روایات ووٹ میرٹ کی بنیاد پر دینے کے کلچر کو منتقل کیا جائے نہ کہ فرقہ پرستی اور مادہ پرستی کے کلچر ل کو منتقل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے یہاں سے ایسی روایات منتقل ہو رہی ہیں جو ہمارے معاشرے کو تباہ و برباد کر رہی ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ قربان حسین نے کہا کہ کشمیری مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے برطانیہ میں ہاؤس آف لارڈ میں زیر بحث لانے کے لیے تحریک جمع کرا دی ہے اور میں اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا انہوں نے کہا کہ عبدالرشید ترابی اور جماعت اسلامی نے تحریک آزادی کشمیر میں بھر پور کردار ادا کیا ہے جو قابل تحسین ہے باقی قائدین اور پارٹیوں کو بھی کردارادا کرنا چاہیے ۔