{AF}
جماعت سلامی آزاد جموں وکشمیر ضلع باغ کے زیر اہتمام عظیم الشان جلسہ {/AF}
باغ( پ ر) جماعت سلامی آزاد جموں وکشمیر ضلع باغ کے زیر اہتمام عظیم الشان جلسہ عام ہوا جس میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق بطور مہمان خصوصی اور امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی کی زیر صدارت ہوا جس میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کی گئی جس میں لکھا گیا ہے کہ یہ جلسہ عام بڑھتی ہوئی مہنگائی ‘بے روزگاری ‘ رشوت ستانی ‘ اقرباء پروری اور نا انصافی کے رحجانات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ میرٹ کی بالا دستی قائم کرتے ہوئے پبلک سروس کمیشن سمیت دیگر اداروں کو سیاسی اثر و رسوخ سے ہٹ کر میرٹ اور صلاحیت کی بنیاد پر تشکیل کرنے کا اہتمام کرے۔ نیز لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی با عزت فراہمی روز گارکا اہتمام کرے،یہ جلسہ عام آزاد جموں وکشمیر میں مختلف سرکاری دفاتر ‘ خدمات اور انصاف فراہم کرنے والے اداروں کی ناقص کارکردگی پر بھی تشویش کا اظہار کرتا ہے جس کے نتیجے میں عوام بے پناہ مشکلات کا شکار ہیں ‘ مظلوم کی داد رسی کا خاطرہ خواہ اہتمام نہیں ہے اور عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔اس لیے جلسہ مطالبہ کرتا ہے کہ ہر سطح پر عوامی خدمت کے جذبہ کو بروئے کار لاتے ہوئے نظام کی کارکردگی موثر بنائی جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔جلسہ عام نوبرس گزرنے کے باوجود زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی خستہ حالی پر بھی تشویش کا اظہار کرتاہے اور حکومت پاکستان اور آزاد حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ تعمیر نو کے چھپن ارب روپے متاثرین کو واپس کیے جائیں تاکہ سکولز ‘ دفاتر ‘ مواصلات ‘ ہسپتال جو نامکمل ہیں یا جن پر کام کا آغاز ہی نہیں ہوا ‘ان پر جلد کام شروع کیا جا سکے۔زیر تعمیر منصوبہ جات میں بھی شفافیت کا اہتمام کیا جائے تاکہ قومی وسائل کا صحیح استعمال ہو سکے جلسہ عام مطالبہ کرتا ہے کہ منگلا ڈیم سمیت دیگر پن بجلی کے منصوبہ جات کی معقول رائلٹی آزاد حکومت کو دی جائے نیز ان منصوبہ جات کی بجلی کی قیمت لاگت سے دس گنا زیادہ چارج کرنے کے بجائے کم از کم قیمت پر بجلی فراہم کی جائے جو عوام کا استحقاق ہے ۔نیزاعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کے مطابق زائد وصول شدہ رقومات صارفین کو واپس کی جائیں۔جماعت سلامی آزاد جموں وکشمیر ضلع باغ کے زیر اہتمام عظیم الشان جلسہ عام باغ میں تعمیر نو کے حوالے سے جاری منصوبہ جات کی سست روی ‘غیر معیاری تعمیر اور محض ڈنگ ٹپاؤ کام کی پالیسی پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ باغ میں زیر تعمیر سڑکیں ‘سیوریج کا نظام ‘ہسپتال ‘دفاتر اور دیگر انفراسٹرکچر کی ناقص تعمیر کا نوٹس لیا جائے اور کرپشن کے مرتکب ٹھیکیداران اور محکموں کے ذمہ داران کا قرار واقعی احتساب کیا جائے ۔جلسہ عام ضلع باغ کی اہم شاہراہوں ‘ ٹائیں ڈھلکوٹ روڈ‘ باغ کہوٹہ روڈ پر سال ہا سال سے جاری کام کی سست روی پر بالخصوص تشویش کا اظہار کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ رواں مالی سال میں ان منصوبہ جات کو مکمل کیا جائے ۔ نیز باغ کہوٹہ ایکسپریس وے جو دفاعی اعتبار سے اہمیت کی بھی حامل ہے کو بھی مکمل کیا جائے ۔ جلسہ عام خواتین یونیورسٹی میں میرٹ سے ہٹ کر کی گئی تقرریوں پر تشویش کا اظہار کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ قوی اہمیت کے اس ادارے کو میرٹ اور صلاحیت کی بنیاد پر استوار کیا جائے تا کہ یہ ایک قابل فخر ریاستی ادارہ بن سکے ۔ نیز خواتین یونیورسٹی کے دفاتر میں خواتین ہی کو اہلیت کی بنیاد پر تعینات کیا جائے۔سیز فائر لائن پر بلا اشتعال ہندوستانی فائرنگ کی شدید مذمت کرتا ہے اور ہندوستان پر یہ واضح کرنا چاہتا ہے کہ آزاد خطے کے باسی ہندوستان کے ایسے بزدلانہ ہتھکنڈوں سے مرعوب ہوئے بغیر تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی منزل کے حصول تک جاری رکھیں گے اورکسی قربانی سے بھی دریغ نہ کریں گے۔ جلسہ عام کے نزدیک ایسے ہندوستانی ہتھکنڈے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے توجہ ہٹانے کے لیے کیے جا رہے ہیں ۔ جس کے نتیجے میں 55لاکھ افراد متاثر اور کھربوں روپے مالیتی فصلات ‘ جائیدادیں اور اسباب تباہ ہو چکے ہیں ۔ یہ جلسہ عام اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کرتاہے کہ ہندوستانی حکومت تباہ حال کشمیریوں کی بحالی کے لیے نہ خود کوئی کردار ادا کر رہی ہے اور نہ ہی بین الاقوامی اداروں ہی کو کشمیریوں کی امداد کی اجازت دے رہی ہے ۔ نتیجتاً یوں لگتا ہے کہ بھارتی حکومت کو کشمیریوں کے بغیر محض مقبوضہ کشمیر کی زمین سے دلچسپی ہے ۔اس لیے یہ جلسہ عام اقوام متحدہ ‘ او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی اداروں اور اقوام عالم سے اپیل کرتا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کی داد رسی کا اہتمام کریں ۔بھارت کو مجبور کریں کہ وہ آزاد ریاست سمیت دنیا بھر میں پھیلے کشمیریوں اور ریلیف ایجنسیوں کو متاثرین کی امداد کے لیے جانے کا موقع فراہم کرے۔جلسہ عام قائدین حریت اور آزادی پسند جماعتوں اور رضا کاروں کو متاثرین کی بحالی کے لیے ان کی تاریخی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہے اور انہیں یقین دلاتا ہے کہ مواقع ملنے پر بحالی کے عمل میں ہم ان کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ یہ جلسہ عام اقوام متحدہ میں وزیر اعظم پاکستان کو کشمیر پر پاکستان کے قومی موقف کو وضاحت کے ساتھ پیش کرنے اور پاکستان کے دیگر قومی قائدین کے کشمیر پر حالیہ موقف کی تحسین کرتے ہوئے حکومت اور قومی قیادت سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بیانات سے آگے بڑھتے ہوئے ایک ایسی جامع اور موثر پالیسی تشکیل دیں جو متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیے بین الاقوامی امداد کو یقینی بنائے ۔ نیز اہل کشمیر کو جلد منزل سے ہم کنارکرے۔جلسہ عام یہ مطالبہ کرنے میں بھی حق بجانب ہے کہ آزاد ریاست کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنانے کے لیے آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کو آئینی لحاظ سے مربوط کیا جائے اور ایک ایسا باوقار نظام حکومت دیا جائے جو 24اکتوبر1947ء کے یوم تاسیس کے اعلان آزادی سے مطابقت رکھتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر میں فعال کردار ادا کر سکے۔