{AF}
باغ میں سراج الحق کا تاریخی استقبال کشمیر ریلی اور جلسہ عام سے مجاہدین کے حوصلے بلند ہوں گے ‘ عبدالرشید ترابی {/AF}
میاں نواز شریف ‘جنرل راحیل شریف ‘بلاول بھٹوسمیت قومی قائدین کا مسئلہ کشمیر پر اصولی اور قومی موقف کا اعادہ لائق تحسین ہے ‘قومی قیادت کشمیر پر سے ہندوستان کے قبضے کے خاتمے کے لیے جامع پالیسی اور ٹھوس حکمت عملی تشکیل دے ‘ قومی قائد سراج الحق کا مسلم لیگ ن ‘ پیپلز پارٹی ‘ مسلم کانفرنس ‘وکلاء برادری ‘علمائے کرام ‘تاجر برادری کی طرف سے استقبال کرنے کے اعلان پرشکریہ ادا کرتے ہیں ‘باغ غازیوں ‘ شہیدوں اور مجاہدوں کی سر زمین ہے‘ یہ اپنے پشتیبان سراج الحق کا فقید المثال استقبال کریں گے باغ+بیرپانی+سدھن گلی( پ ر) جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے امیر و کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہا کہ باغ میں تاریخی استقبال کشمیر ریلی اور جلسہ عام سے مجاہدین کشمیر کے حوصلے بلند ہوں گے اور آزاد خطے میں عوامی بیداری پیدا ہوگی‘میاں نواز شریف ‘ جنرل راحیل شریف‘ بلاول بھٹو سمیت قومی قائدین کا مسئلہ کشمیر پر اصولی اور قومی موقف کا اعادہ لائق تحسین ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادی کارروان کے حوالے سے بیرپانی ‘سدھن گلی ‘ چیڑھان سمیت دیگر علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اور عسکری قیادت کشمیر پر ہندوستان کے قبضے کے خاتمے کے لیے ٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی اپنائے ۔پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے اور ایٹمی ملک ہونے کے شایان شان موقف اور پالیسی اپنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پانچ لاکھ جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔ ہندوستان میں 55لاکھ متاثرین سیلاب کے ساتھ جو امتیازی سلوک روا رکھا ہے اس سے ثابت ہو چکا ہے کہ ہندوستان کو کشمیریوں سے نہیں کشمیر کی سر زمین سے محبت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ پاکستان 55لاکھ کشمیری متاثرین کی امداد کے لیے راستے کھلوانے کا بھی اہتمام کرے۔ انہوں نے کہا کہ اہل باغ قومی قائد سراج الحق کا تاریخی استقبال کریں ۔ انہوں نے مسلم لیگ ن ‘ مسلم کانفرنس ‘ پیپلز پارٹی ‘ وکلاء ‘ انجمن تاجران ‘ علمائے کرام سمیت دینی اور سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے قومی قائد سراج الحق کا باغ میں استقبال کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے یکجہتی کی فضا پیدا ہوگی جس سے مقبوضہ کشمیر میں مثبت پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی اور نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا اور یہاں اسلام کا عادلانہ نظام قائم نہیں ہوجاتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر مرحلے پر عوام کا ساتھ دیا ہے ان کے مسائل کے حل کے حوالے سے بھر پور کوشش کی ہے متاثرین سیلاب ہوں یا متاثرین زلزلہ ہوں ‘ تعلیم کا شعبہ ہو یا صحت کا ‘ جماعت اسلامی نے ہر میدان میں شاندار خدمات سر انجام دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حقیقی اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔