{AF}
بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دیں گے،عبدالرشید ترابی{/AF}
یکطرفہ دوستی کے بدلے میں مودی حکومت نے عید کے موقع پر لاشوں کے تحفے دئیے،بھارتی عزائم کو بے نقاب کرنے کے لیے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،بین الاقوامی قوتیں جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں ان کے ایجنڈے کو مکمل کیا جا رہاہے،22اکتوبر کو سراج الحق کا باغ آمد پر بھرپور استقبال کریں گے بیرپانی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کے عزائم اور بھارت کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ سے یکطرفہ دوستی کھل کر سامنے آچکی ہے،بھارت طاقت کے ذریعے خطے میں اپنا بالادستی قائم کرنے کے لیے نہتے لوگوں پر فائرنگ کر کے اپنا اجارہ داری ثابت کرنا چاہتا ہے،حکومت پاکستان اور مسلح افواج کو بھرپور جواب دینا چاہیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سدھن گلی،ریڑھ بن،سڑل میں جماعت اسلامی کے دعوتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر ضلع عثمان انور،مولانا ہدایت اﷲ اور دیگر قائدین بھی موجود تھے،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بھارتی فوج کی طرف سے آزاد کشمیر اور سیالکوٹ میں بلا اشتعال فائرنگ سے وہ خطے میں اپنی اجارہ داری قائم کرنا چاہتا ہے حکومت پاکستان یکطرفہ دوستی کے سراب سے نکلے اور جامع حکمت اپنانے ہوئے بھرپور جواب دے انہوں نے کہا کہ 22اکتوبر کو امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق باغ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگ سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں ان کی بحالی کے لیے حکمت عملی کی ضرورت ہے،بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ بین الاقوامی طاقتیں جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں ان کے ایجنڈے کا حصہ ہے ان کے کہنے پر کی جا رہی ہے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پاکستان کی قومی قیادت کو قومی یکجہتی کی فضا پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور اپنے ذاتی اور سیاسی اختلافات کو بلا کر بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا چاہیے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا بچہ بچہ جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار ہے ،تکمیل پاکستان اور کشمیر کی آزادی کے لیے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو حقیقی بیس کیمپ بنانے کی ضرورت ہے ،جماعت اسلامی اول روز سے عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتی ہے ہے اور آزاد کشمیر کو ایک رول ماڈل اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہمارا مشن ہے۔