{AF}
حکومت آزاد کشمیر فوری طور بجلی کے بلوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لے،مرکزی مجلس شوریٰ {/AF}
جماعت اسلامی آزاد کشمیر عدالت عالیہ کے فیصلے کے مطابق پرانے ٹیرف کے تحت صارفین کو بجلی کے بل فراہم کیے جائیں،آزاد خطے کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، راولپنڈی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی کی زیر صدارت مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کی گئی، ترجمان کے مطابق قرار داد میں لکھا گیا ہے کہ یہ اجلاس آزادخطے میں مہنگائی ،بے روزگاری کی چکی میں پسے ہوئے عوام پر بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر اس اضافے کے فیصلے کو واپس لے اور عدالت عالیہ کے فیصلے کے مطابق پرانے ٹیرف کے تحت صارفین کو بجلی کے بل فراہم کرنے کا اہتمام کرے اور آزاد خطے کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیاہے ، مرکزی شوریٰ کایہ احساس ہے کہ آزاد خطے کو صرف 350میگاوٹ بجلی کی ضرورت ہے جبکہ آزاد خطے میں صرف منگلاڈیم سے بجلی کی پیداور 1200میگاوٹ ہے جس سے پاکستان کو روشن ہوتا ہے ایک رپورٹ کے مطابق آزاد خطے میں قدرتی طورپر بہنے والے دریاؤں سے ہزاروں میگاوٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے،آزاد جموں وکشمیر کے عوام کو سستی ترین بجلی کی فراہمی اور ریاستی وسائل میں خود کفالت کا ذریعہ بن سکتا ہے،ان سارے وسائل کے ہوتے ہوئے نااہل حکمرانوں کی وجہ سے آج پورا آزاد کشمیر تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے جو المیہ فکریہ ہے،شوریٰ کا یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ آزاد خطے میں عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ تحریک آزاد ی کشمیر کا بیس کیمپ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے ترغیب کا باعث بنے،نہ کہ یہاں عوام کو بنیادی سہولیات سے بھی محروم کر دیا جائے جو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے مایوسی کا باعث بنے ۔ شوریٰ حکومت کو تجویز کرتی ہے کہ ندی نالوں اور دریاوں پرہنگامی بنیادوں پن بجلی کے وسیع پیمانے پر منصوبے شروع کرے تا کہ لوڈ شیڈنگ کا ازالہ ہو سکے،اس سلسلے میں واپڈا اور حکومت جموں کشمیر جامع حکمت عملی تشکیل دے۔