{AF}
مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں کشمیری سیلاب میں محصور بے یارو مددگار پڑے ہیں۔ عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ{/AF}
کوٹلی(پ ر)امیرجماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ بھارتی فوج نے صرف وی آئی پیز کو ریسکو کرکے عام کشمیریوں سے بدترین امتیازی سلوک کیاہے۔سرینگر کا 80فیصد علاقہ ابھی تک زیر آب ہے۔ حکومت پاکستان اور عالمی برادری متاثرین تک امداد پہنچانے کے لیے رسائی حاصل کریں۔جماعت اسلامی اپنی بساط تک کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں مصیبت زدہ کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار امیرجماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز یہاں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ حالیہ سیلاب نے مقبوضہ کشمیر، آزادکشمیر اور پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ قدرتی آفت کے آگے انسانی تدبیریں ریت کی دیوار ثابت ہوتی ہیں۔ بارشوں نے مقبوضہ کشمیر میں خوفناک حد تک تباہی مچادی ہے اور سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ لائن آف کنٹرول پر تجارت کے راستوں کو امداد کے راستوں میں تبدیل کیاجائے تاکہ آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام مقبوضہ وادی کے متاثرین کی مدد کرسکیں۔ حکومت پاکستان کشمیر ریلیف فنڈ قائم کرے۔ آزادی پسند کشمیریوں کو نظراندازکرکے صرف اپنے حامی نظریات والے لوگوں کی مددکی جارہی ہے۔