{AF}
گلگت بلتستان کی قیادت کسی مشترکہ نظام کے لیے تیار ہو تو آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت دس سال تک صدر اور وزیر اعظم سمیت سارے عہدے دینے کی یقین دہانی کراتا ہوں ‘ عبدالرشید ترابی {/AF}
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بااختیار اور باوقار سیٹ اپ دینا وقت اور حالات کا تقاضاہے ‘اختیار اور اقتدار خوف خدا سے خالی ہو کر استعمال کیا جائے تو معاشرے میں بے چینی اور بگاڑ کا سبب بنتا ہے ‘ گندم سب سڈی کے موقعے پر جس طرح اتحاد اور یکجہتی کی فضا قائم ہوئی وہ قابل تحسین ہے ‘مسائل کے حل کے لیے بھی اتحاد کی اس طاقت کو بروئے کار لایا جائے اور قومی ایجنڈا تشکیل دیا جائے ‘ عوام میں بیداری پیدا کی جائے اور ایسے افراد منتخب کیے جائیں اسمبلیوں کے لیے جو دیانت دار ہوں ‘ صاحب کردار ہوں ‘ اور ضمیر کی آواز پر لبیک کہنے والے ہوں گلگت( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت کسی مشترکہ نظام کی تشکیل کے لیے تیار ہو جائے تو میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ وہ دس سال تک صدر ‘ وزارت عظمیٰ سمیت کسی عہدے پر نہیں آئیں گے۔ اس سے قبل بھی آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں صدر اور وزیر اعظم سمیت یہ پیشکش کر چکے ہیں۔آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو با اختیار و با وقار سیٹ اپ دینا وقت اور حالات کا تقاضاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان ایڈووکیٹ اور مولانا عبدالسمیع کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح گندم سب سڈی کے لیے پوری قوم متحد اور یک جان ہو کر کھڑی ہوئی اور اپنا مطالبہ پورا کروا لیا اس سے امن بھی قائم ہوااور بھائی چارے کی بھی فضا بنی یہ قابل تحسین ہے اور میں آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ آپ کی قیادت نے پوری قوم نے یک زبان ہو کر مطالبہ کیا اور اس کو منوا لیا ۔ہم نے بھی آپ کی آواز میں طاقت ڈالنے کے لیے وزیر امور کشمیر سمیت پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کر کے آپ کے حقوق کی جنگ لڑی ۔ انہوں نے کہا کہ اختیار و اقتدار خوف خدا سے خالی ہو کر استعمال کیا جائے تو معاشرے میں بے چینی اور بگاڑ کا سبب بنتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اہل گلگت مل کر قومی ایجنڈاتشکیل دیں اس کے لیے عوامی بیداری پیدا کریں وہ اپنے مسائل اجتماعی ایجنڈا تشکیل دے کر حل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو اسمبلی کے لیے منتخب کریں جو ایمانت دار اور صاحب کردار ہوتا کہ وہ اپنے ضمیر کی آواز کے مطابق آپ کے مسائل حل کر سکے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اول روز سے گلگت بلتستان کے عوام کے سیاسی اور آئینی حقوق کے حصول کے لیے جنگ لڑی ہے اور اس وقت تک لڑتے رہے گی جب تک گلگت بلتستان کے عوام آئینی اور سیاسی حقوق مل نہیں جاتے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنی بساط کے مطابق عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی اپنے اداروں کے ذریعے جدوجہد کی ہے اور ہم ان مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں اور کشمیر کی مکمل آزادی تک ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔