{AF}
خاندانی پارٹیوں نے مافیا کا روپ دھار لیا ‘موجودہ بحران اسلام سے رو گردانی کا نتیجہ ہے‘ عبدالرشید ترابی{/AF}
اﷲ تعالیٰ کے نزدیک محبوب ترین یہ ہے کہ اس کی سر زمین پر اس کا نظام غالب ہو اسی کے لیے اﷲ تعالیٰ نے انبیاء مبعوث فرمائے ‘ آخر میں نبی ؐ کو مبعوث فرمایا‘ جماعت اسلامی کا مشن انبیاء کا مشن ہے ‘ کشمیر کی آزادی اور حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہمارا مشن ہے ‘عالمی استعمار اپنے سارے وسائل کے ساتھ اس سازش میں مصروف ہے کہ وہ دنیا میں کہیں بھی اسلام کو اپنی پوری روح کے ساتھ نافذ نہ ہونے دے‘ اسلامی تحریکیں اسلام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں ‘ حق و باطل کی یہ جنگ آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے بھمبر( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ خاندانی پارٹیاں مافیا کا روپ دھار کر عوام پر مسلط ہو گئی ہیں ‘جن کا ایجنڈا عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کرنا ہے ۔ اﷲ تعالیٰ کے نزدیک محبوب ترین یہ ہے کہ اس کی سر زمین پر اس کا نظام غالب ہو اسی کام کے لیے اﷲ تعالیٰ نے انبیاء مبعوث فرمائے اور آخر میں نبی کریم ؐ اس مشن کی تکمیل کے لیے مبعوث کیے گئے ۔ جماعت اسلامی انبیاء کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع بھمبر کے زیر اہتمام اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انجینئر خالد خان ‘امیر ضلع امجد یوسف چوہدری ‘ فرید چوہدری سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی حقیقی اسلامی فلاحی معاشرے اور ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔ کشمیرکی آزادی اور اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہمارا مشن ہے اور یہ سب سے عظیم مشن ہے اس مشن کے ساتھ جو وابستہ ہوتا ہے اس کو دنیا اور آخرت دونوں میں سرخروئی ملتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک دعوت دین پہنچائیں ۔ آج پوری دنیا میں مغربی استعمار اس سازش میں مصروف ہے دنیا میں کہیں بھی اسلامی نظام اپنی پوری روح کے ساتھ نافذ نہ ہو اور اسلامی تحریکیں جدوجہد کر رہی ہیں کہ اسلام اپنی پوری روح کے ساتھ نافذ کیا جائے تا کہ مخلوق خدا کو عدل فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حق و باطل کے درمیان کشمکش اور جنگ آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے ۔