{AF}
قتدار کی ہوس اورموجودہ نظام مسائل کی جڑ ہے جس نے معاشرے کے اندر عدم مساوات پیدا کررکھی ہے،ارشد ندیم ایڈووکیٹ {/AF}
ہجیرہ(پ ر )جماعت اسلامی آزادکشمیر کے مرکزی جنرل سیکرٹری سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہاکہ قرآن کا پیغام لے کر قریہ قریہ اور بستی بستی نکلنا ہوگا تبدیلی کا آغاز سب سے پہلے اپنی ذات سے کرنا ہوگا، ایک ہاتھ میں قرآن و سنت کی دعوت اور دوسرے میں خدمت خلق کا علم تھام کرعوام کو تبدیلی کے لئے تیار کرنا ہوگا، اقتدار ہماری منزل نہیں اور نہ ہی ہمیں اقتدار کی ہوس ہے،موجودہ نظام مسائل کی جڑ ہے جس نے معاشرے کے اندر عدم مساوات پیدا کررکھی ہے، جب تک قرآن وسنت کو بطور نظام زندگی نافذ نہیں کیا جاتا تب تک مسائل کی دلدل بڑھتی ہی جائے گی،بندگی رب، تناقص کا خاتمہ اور تغیر امامت کے لئے جدوجہد کررہی ہے،جمہوری عمل جاری رہنا چاہیے اور اگر کسی آمر نے جمہوریت پر شبخون مارنے کی کوشش کی تو اس کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی حلقہ نمبر۲ کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی اور استقبالیہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع پونچھ سردار زاہد رفیق ایڈووکیٹ، سابق امیر جماعت اسلامی ضلع پونچھ سردار حلیم خان، امیر جماعت اسلامی حلقہ نمبر۲ سردار سرفرا ز خان، سیکرٹری سردار عرفان فاروق خان، سابق امیر حلقہ نمبر۲ سردار مصطفی خان، نائب امیر غازی فاروق خان اور دیگر نے خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی ضلع پونچھ سردار حلیم خان نے کہاکہ جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو دیگر جماعتوں کی طرح کسی فرد واحد کی جماعت نہیں اور یہ ایک مکمل جمہوری پارٹی ہے جس میں قیام سے آج تک وارڈ سے لے کر مرکزی سطح پر باقاعدہ انتخابات کے ذریعے ذمہ داریاں تفویض کی جاتی ہیں۔انھوں نے کہاکہ رب تعالیٰ سے مضبوط تعلق ہی ہماری کامیابی کا ضامن ہے۔انھوں نے کہاکہ حلقہ نمبر۲ میں جماعت اسلامی نے ہی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کیا جس پر ہم اﷲ کا شکر بجا لاتے ہیں،تعمیر و ترقی کے ڈھول پیٹنے والے ہجیرہ شہر کی سڑک دیکھ لیں اور جس وقت سڑک مکمل ہوئی تھی تو حکمران طبقہ تعمیر و ترقی کا ڈھول پیٹ رہا تھا اور اس وقت بھی ہم نے یہ کہاتھا کہ اس سڑک کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا ہے اور آج ڈیڑھ سال بعد ہماری بات سچ ثابت ہوئی اور کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ سڑک ڈیڑھ سال کے اندر اندر ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع پونچھ سردار زاہد رفیق نے کہاکہ آج کے اس پُر فتن اور نفسا نفسی کے دور میں جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر رب کی غلامی میں دینا چاہتی ہے۔انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اس ملک میں قرآن و سنت کانظام نافذ کرنا چاہتی ہے جس میں ایک مزدور کو بھی وہی حقوق و آسائش ملیں جو ایک سپیکر کو ملتے ہیں ۔ تقریب کے مہمان خصوصی جماعت اسلامی آزادکشمیر کے مرکزی جنرل سیکرٹری سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گذشہ ۶۷ سالوں سے ملک لوٹا جارہا ہے ۔جو حکومت آتی ہے وہی اپنی تجوریاں بھرتی ہے اور عوام بیچارے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوتے ہیں۔زلزلہ سے تباہ حال تعلیمی اداروں اور دیگر عمارا ت تاحال تعمیر نہ کی جاسکیں۔پلندری ہجیرہ روڈ اور تراڑکھل کھائیگلہ روڈ گذشتہ بیس سالوں سے کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں ،ان دونوں سڑکوں کے تعمیراتی فنڈز کئی بار ہڑپ کیے جاچکے ہیں۔حکومت آزادکشمیر نے اپنے جیالوں کے لئے ملازمتوں کی سیل لگا رکھی ہے اور ایم اے ایم ایس سی نوجوان مایوس ہو کر خود کشیوں پر مجبور ہیں۔حکمران طبقہ بیرونی ممالک کے دوروں پر اربوں روپے خرچ کرچکے ہیں،نوجوان جو کسی بھی قوم کا ایک قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں ان کے لئے حکومت کے پاس کوئی پروگرام نہیں۔ان حالات میں جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو عام فرد کے لئے امیدکی کرن ہے۔انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی حقیقی تبدیلی کے لئے کوشاں ہے اور یہ تبدیلی اسی وقت ممکن ہے جب ہم منظم ہو کر قرآن و سنت کی دعوت لے کر ہر فرد تک پہنچیں گے۔خدمت خلق کو اپنا شعار بناکر افراد کو حقیقی تبدیلی کے لئے تیارکرنا ہوگا۔انھوں نے پاکستان کے موجودہ حالات پر کہاکہ اس وقت عالمی استعماری طاقتیں پاکستان کو ختم کرنے کے درپے ہیں اور پاکستان میں جمہوری عمل جاری رہنا ضروری ہے۔آج اگر چند ہزار افراد دارالحکومت پر قبضہ کرکے وزیر اعظم سے استعفیٰ لینے کی بات کرتے ہیں تو پھرمستقبل میں یہ ایک ریت بن جائے گی کہ جو چاہے وزیر اعظم سے استعفیٰ لے لے۔انھوں نے کہا کہ اگر کسی نے غیر آئینی طور پر مداخلت کی یا حکومت ختم کرنے کوشش کی تو اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔