{AF}
عبدالرشید ترابی کی سینئر صحافی مجید نظامی کی وفات پر اظہار تعزیت{/AF}
کراچی ( پ ر )امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحافت کے بانی اور نظریہ پاکستان کے علمبردار مجید نظامی کی رحلت عظیم سانحہ ہے ۔انہوں نے ایک تعزیتی بیان میں مجید نظامی کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ان کی رحلت پاکستانی قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجید نظامی کی نظریہ پاکستان سے کمٹمنٹ اور کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف نفرت سب پر واضح تھی۔ بھارت سے پاکستان کے تعلقات کے بارے میں ان کا خاص نقطہ نظر تھا ۔مجید نظامی نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے ساتھ اپنی انمٹ محبت کو نوائے وقت کے ذریعے لوگوں تک پہنچایا۔ پاکستان کے مسلمانوں کی آواز بلند کرنے اور ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے مجید نظامی کا کردار ناقابل فراموش ہے جوہمیشہ یاد رکھا جائے گا- عبدالرشید ترابی نے مرحوم کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کرتے ہوئے کہا ہم مرحوم کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مجید نظامی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کویہ صدمہ برداشت کرنے کاحوصلہ دے۔ (آمین)