{AF}
کشمیر اور فلسطین میں ہندوستان اور اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی اور مسلم کشی اقوام متحدہ کے چارٹر کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے،عبدالرشید ترابی{/AF}
مسلم کشی کے ذمہ دار بزدل اور مصلحت پوش مسلم حکمران ہیں ،مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کرنے کے بجائے استعماری طاقتوں کے آلہ کار بن گئے ہیں یا مصلحت کا شکار ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اس مسلم کشی کی کھلی چھٹی مل گئی ہے فوری طور پر OICکا سربراہی اجلاس بلا کر اسرائیلی مظالم کا نوٹس لیا جائے،جاگراں میں کرپشن کے حوالے سے مطالبہ کیا کہ کل جماعتی پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جس کا سربراہ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والا ممبر اسمبلی ہو،شفاف تحقیقات کر کے کرپشن میں ملوث پائے جانے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے راولپنڈی( پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین میں بھارت اور اسرائیل کی کھلی ریاستی دہشت گردی اور مسلم کشی اقوام متحدہ کے چارٹر کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے اس مسلم کشی کے ذمہ دار امت مسلمہ کے بزدل اور مصلحت پوش مسلم حکمران ہیں جو مسلمانوں کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کرنے کے استعماری طاقتوں کے آلہ کار بن چکے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر نورالباری،حریت کانفرنس گیلانی کے کنونیئر غلام محمد صفی،محمود ساغر،رفیق ڈار،اطہر مسعود وانی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مسلم حکمران مصلحتوں کا شکار ہوگئے جس کے نتیجے میں اس وقت پوری دنیا میں مسلم کشی کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ فوری طور پر OICکا سربراہی اجلاس بلوا کر اسرائیلی مظالم کا نوٹس لیا جائے فلسطین کے حوالے سے طیب اردگان کے موقف کی تائید کی جائے انہوں نے کہا کہ اقو ام متحدہ میں اجتماعی موقف اختیار کیا جائے ،OICاقوام متحدہ کے بعد دوسرا بڑا سیاسی ادارہ ہے اس کو موثر کردار ادا کرنا چاہیے اسرائیل کا گھیرا تنگ کریں انہوں نے کہا کہ یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ اسرائیل کی کل آبادی کے برابر OICکے ممالک کی افواج کی تعداد زیادہ ہے غیرت ایمانی کا مظاہرہ کیا جائے تو فلسطین چند ہفتوں میں آزادہو سکتا ہے اسی طرح بھارت کے معاشی مفادات اور اس کی کل معیشت کا 60%خلیجی ممالک پر منحصر ہے اور 50لاکھ ہندوستانی ان ممالک سے زرمبادلہ ہندوستان کو بھیجتے ہیں جو ارب ہا ڈالر ہے اگر یہ ممالک ہندوستان کا تجارتی اور اقتصادی بائیکاٹ کریں تو ہندوستان گھٹنے ٹیک سکتا ہے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق فراہم کر سکتا ہے،حکمران خوف زدہ ہونے کے بجائے اپنا کردار ادا کریں،اس سلسلے میں حکومت پاکستان اپنا کردار ادا کرے،انہوں نے کہا کہ اس وقت اگر مصر میں مرسی کی حکومت ہوتی تو اسرائیل یہ جرات نہیں کر سکتا تھا ،مرسی کی جگہ جنرل سیسی کو بٹھایا گیا جو اسرائیل کا چوکیدار بن گیا ہے،اسرائیل کے چوکیدار حکمران مسلمانوں کے مسائل حل نہیں کر سکتے،دریں اثنا صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جاگراں فیز ٹو میں مبینہ کرپشن کے سلسلے میں کل جماعتی پارلیمانی کمیٹی بننی چاہیے جس کی سربراہی اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ممبر اسمبلی کریں اور شفاف تحقیقات کی جائے اور کرپشن میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے۔