سراج الحق سے عبدالرشید ترابی کی اہم ملاقات ‘ مسئلہ کشمیرسمیت سیاسی امور پر تبادلہ خیال

{AF}abdul rasheed turabi سراج الحق سے عبدالرشید ترابی کی اہم ملاقات ‘ مسئلہ کشمیرسمیت سیاسی امور پر تبادلہ خیال{/AF}

 تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے جماعت اسلامی کا ایک موثر سیاسی قوت بننا ضروری ہے ‘ سراج الحق جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو ریاست کی وحدت کی علامت ہے ‘ عبدالرشید ترابی عوامی ایجنڈا تشکیل دیا ہے جس میں کشمیر ترجیح اول ہے ‘پاکستان میں ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا‘ آزاد کشمیر جماعت نے تحریک آزادی کشمیر ‘ متاثرین زلزلہ کی بحالی کے لیے تاریخی قربانیاں دی ہیں ‘ حکومت پاکستان کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے معذرت خواہانہ رویہ ہندوستان کو مزید ریاستی دہشت گردی کی شہ دے رہا ہے ‘ حکومت مسئلہ کشمیر پر واضح اور دو ٹوک پالیسی اپنائے راولپنڈی ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی اور سیکرٹری جنرل محمود الحسن چودھری نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر اور سینئر وزیر سراج الحق سے اہم ملاقات کی ۔ ترجمان کے مطابق اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیرکو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پاکستان اور آزاد کشمیر میں جماعت اسلامی کا موثر سیاسی اور پارلیمانی قوت بننا ضروری ہے ۔جماعت اسلامی پاکستان نے عوامی ایجنڈا تشکیل دیا ہے جو پاکستان میں ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ ہمارے اس عوامی ایجنڈے میں مسئلہ کشمیر ترجیح اول ہوگا انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر نے تحریک آزادی کشمیر اور متاثرین زلزلہ کی بحالی کے لیے تاریخی کردار ادا کیا اور قربانیاں پیش کی ہیں ۔جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے اداروں کے ذریعے عوام میں نفوذ پیدا کرنے کا مفید تجربہ کیا ہے ۔ جماعت اسلامی اس تاریخی و شاندار ریکارڈ کے ساتھ سیاسی اور پارلیمانی قوت بننے کی منصوبہ کرے ۔ جماعت اسلامی پاکستان آپ کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی جماعت اسلامی پاکستان اس سے قبل بھی کشمیر کی جماعت کے شانہ بشانہ رہی ہے اور آئندہ بھی اس تاریخی تسلسل کو قائم اور بر قرار رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ہندوستان کے ساتھ کشمیر کے مسئلے پر معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے جس کی وجہ سے ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مزید مظالم ڈھا رہا ہے اور اس کو مظالم ڈھانے کی شہ مل رہی ہے ۔حکومت پاکستان دو ٹوک اور واضح پالیسی اختیار کرے کشمیریوں کو نجات اور بنیادی حق کے حصول کے لیے ہر سطح پر بھر پور کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان رائے عامہ کو منظم کر کے کشمیریوں کی پشت پر لائے گی ۔ اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر ریاست کی واحد جماعت ہے جو وحدت کی علامت ہے جماعت اسلامی عوامی حقوق کے حصول اور میرٹ کی بالا دستی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔جماعت اسلامی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تمام سیاسی اور دینی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے تاکہ کشمیر کے مسئلے پر یک نکاتی ایجنڈا اختیار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی حکومت کی طرف سے پے در پے آزاد کشمیر میں مداخلت کر کے ووٹر کے اعتماد کو مجروع کیا ہے اور حکومت جیسے تیسے کر کے آزاد کشمیرمیں اپنی حکومت قائم کرتی ہے جس سے حقیقی قیادت سامنے نہیں آ رہی ۔ اس کلچر کے خلاف پاکستان کی قومی قیادت سے ضابط اخلاق طے کروایا جائے تا کہ یہاں پے در پے مداخلت کی وجہ سے کشمیر میں سیاسی کردار تحلیل ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ایک طرف ہماری بھرپور سرپرستی کی ہے اور دوسری طرف ریاست کے متنازعہ حیثیت اور وحدت کو قائم رکھنے میں اہم کرادر ادا کیا ہے ۔ کشمیریوں کی تاریخی قربانیاں اسلام آباد کے غلط فیصلوں کی وجہ سے رائیگاں ہو رہی ہیں اور ہماری منزل دور ہوتی جا رہی ہے ۔ پاکستان میں ایک نظریاتی اور ایماندار قیادت ہی مسائل کا حل ہے ۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر میں آپ کے عوامی ایجنڈے کی بھر پور حمایت کرتی ہے اور جمعتہ الوداع کے موقع پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی کال کی بھی بھر پور حمایت کرتی ہے اور اس دن پورے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائیگا۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر