{AF}
رمضان المبارک رحمتوں ،برکتوں اور جہنم کی آگ سے نجات کا مہینہ ہے، ڈاکٹر خالد محمود{/AF}
کوٹلی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ اس ماہ مقدس میں قرآن مجید کو نزول ہوا اور یہی وہ مہینہ تھا جس میں حق و باطل کے درمیان بدر کے مقام پر فیصلہ کن معرکہ ہوا تھا،ہر مسلمان زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرنے کے لیے اپنی عبادات میں اضافہ کرے،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کوٹلی کے زیر اہتمام استقبال رمضان کے حوالے سے کمیونٹی سینٹر کوٹلی میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر ضلع عبدالحمید چوہدری،زاہد الحسن چودھری،راجہ رضوان اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا،ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس ماہ مقدس میں تقویٰ کے معیار کی طرف بڑھیں اور اپنی عبادات خشوع و خضوع پیدا کریں،اﷲ کی راہ میں انفاق کریں، اور فریضہ اقامت دین کے لیے کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک مسلمان کو نفس عمارہ کے خلاف جہاد کرنے کے لیے تیار کرتا ہے محض دن بھر منہ بند رکھنے اور کھانے پینے سے اجتناب کرنے سے ہی روزہ مکمل نہیں بلکہ اس کے تمام لوازمات پورے کرنا فرض ہیں،انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں مسلمانوں کی تنزلی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم نے قرآنی تعلیمات کو چھوڑکر مغربی کلچر کے پیچھے بھاگ رہے ہیں ،مسلمان مسلمان کا دشمن ہے معاشرتی برائیوں سے معاشرہ تباہی کی طرف جا رہا ہے آج ملک میں کرپشن،بد امنی اسی وجہ سے ہے کہ ہم نے جس نظام کے قیام کے لیے یہ ملک حاصل کیا تھا اس نظام کو نافذ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اس معاشرے سے برکتیں ختم ہو گئیں ہیں اور ہم تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اﷲ کی زمین پر اﷲ کے دیئے ہوئے نظا م کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے تا کہ ایسا معاشرہ قائم ہو جہاں سب کو انصاف مل سکے،بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اﷲ کی غلامی کی طرف لانا یہ جماعت اسلامی کا مشن ہے جس کی تکمیل کے لیے جماعت اسلامی کے کارکن بستی بستی اپنی دعوت پہنچا رہے ہیں رمضان المبارک ہمارے پاس بہت بڑی نعمت اور سعادت ہے ہمیں اس کے تمام تقاضے پورے کرنے کے لیے کردا ر ادا کرنا ہو گا۔