{AF}
جماعت اسلامی طاغوتی نظام کے کسے ہوئے شکنجے کو توڑنے کے لیے میدان میں نکلی ہے ‘عبدالرشید ترابی{/AF}
اس نظام کے ہوتے ہوئے کسی کو انصاف نہیں مل سکتا‘جماعت اسلامی کے کارکن ایک ایک گھر ایک ایک فرد تک اﷲ کا پیغام پہنچائیں اس کے دیے ہوئے نظام کے غلبے کے لیے اپنی جان مال اور وقت صرف کریں ‘ کشمیر کی آزادی اور نظام کی تبدیلی صرف جماعت اسلامی کا ایجنڈا ہے ‘ شخصی اور خاندانی پارٹیاں عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہیں میر پور ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کمزور کے لیے الگ قانون اور طاقت ور کے لیے الگ قانون نے معاشرے میں آپ راجی نظام قائم ہوا ہے جس کے خلاف جہاد ہر فرد پر فرض ہے جماعت اسلامی طاغوتی نظام کے کسے ہوئے شکنجے کو توڑنے کے لیے میدان میں نکلی ہے تاکہ اس نظام کو ختم کر کے اس کی جگہ اﷲ کا دیا ہوا نظام قائم ہو اسی میں دنیا اور آخرت کی فلاح اور کامیابی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ میر پور کے دوران اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیر ضلع مولانا عتیق الرحمن سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن اﷲ کے دین کی دعوت لے کر ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچائیں اپنی ذات اپنے گھر اور اپنے محلے سے اس کا آغاز کریں انہوں نے کہا کہ اﷲ کے نظام کے لیے جان مال اور وقت صرف کریں گے تو انقلاب آئے گا ۔ انقلاب اس خطے کا مقدر ہے ۔ یہ چھوٹا ساخطہ ہمارے آباؤ اجداد نے اﷲ کے نظام کے قیام کے لیے اور اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگیان بسر کرنے کے لیے آزاد کروایا تھا۔ مگر چھیاسٹھ سال گزرنے کے باوجود وہ مقاصد ابھی تک تشنہ ہیں ۔ ان مقاصد کی تکمیل کے لیے 1947ء کی طرح برادریوں ‘ علاقوں اور مفادات کے دائروں سے نکل کر اﷲ کے نظام کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی ۔ اسی میں ہمارے مسائل کا حل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سارے فرسودہ استحصالی نظام ناکام ہو چکے ہیں انسانیت اسلام کی طرف دیکھ رہی ہے اسلام اپنی پوری روح کے ساتھ کسی ایک ریاست میں نافذ ہو جائے تو ساری دنیا اس کے نظام عدل کی طرف متوجہ ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد خطے کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ماڈل ریاست قائم کر کے پاکستان سمیت دنیا بھر کے لیے نمونہ بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد خطے کے عوام پر دوہری ذمہ داری ہے ایک یہاں نظام کا قیام اور دوسرا کشمیر کی آزادی ۔ آزاد خطے کو بیس کیمپ بنائے بغیر کشمیر کی آزادی کی تحریک کو منطقی انجام تک نہیں پہنچایا جاسکتا ۔