{AF}
بیس کیمپ کے حکمران عوامی اور نوجوانوں کے مسائل سے لاتعلق ہوکرمحض اپنوں میں ریوڑیاں بانٹ رہے ہیں،عبدالرشید ترابی {/AF}
پورا مغرب اپنے سارے وسائل کے ساتھ امت کے نوجوانوں کو بے دین کرنے کے لیے تہذیبی یلغار کیے ہوئے ہے،اسلامی جمعیت طلبہ مغربی تہذیبی یلغار کے سامنے اسلامی تہذیب عام کرنے کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی کھڑی ہے،اسلامی جمعیت طلبہ نے تحریک آزاد ی کشمیر اور پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں ،نوجوانوں کو بے راہ روی اور بے مقصدیت اور دہریت کے خلاف مضبوط قلعہ بنایا ہے یہ پوری قوم اور ملت کا اثاثہ ہے میرپور( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بیس کیمپ کے حکمران عوامی اور نوجوانوں کے مسائل سے لا تعلق ہو کر محض اندھوں کی طرح اپنوں میں ریوڑیاں بانٹنے میں مصروف ہیں،پورا مغرب اپنے سارے وسائل کے ساتھ نوجوانوں کو اسلامی تہذیب سے دورکرنے اور ان کو بے دین بنانے پر لگا ہوا ہے اس تہذیبی یلغار کے سامنے اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان اپنی شاندار روایات کو جاری رکھتے ہوئے اسلامی تہذیب کو عام کر رہے ہیں،اسلامی جمعیت طلبہ پوری امت کا اثاثہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ آزاد جموں وکشمیر کے زیر اہتمام ناظمین کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ناظم کشمیر راجہ نزاکت علی خان نے بھی خطاب کیا،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اس وقت ہمارے نوجوانوں کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے اور امکانات بھی بڑے ہیں نوجوانوں کی کردار سازی اور ان کو علم اور عمل کے زیور سے آرستہ کر کے میدان میں اتارنا یہ اسلامی جمعیت طلبہ کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے انہوں نے کہا کہ آزاد خطے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے جس کو اسلامی تحریک اور نظام کی تبدیلی کے لیے ہر اول دستے میں شامل کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کا تاریخی کردار پوری قوم تسلیم کرتی ہے ،تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے بے شمار قربانیاں پیش کی ہیں جمعیت نے نوجوانوں کو بے راہ روی ،بے مقصدیت اور دہریت کے چنگل سے نکال کر اسلام کی طرف راغب کیا ہے اسلامی جمعیت طلبہ ایک بڑا تہذیبی قلعہ ہے جس کے اندر نوجوانوں نے پناہ لی ہے ،انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے اندر اسلامی اقدار دین سے وابستگی اور قرآن سے تعلق جوڑنے کے لیے جمعیت میدان میں ہے جبکہ پورا مغرب اور اس کی تہذیب کے محافظ حکمران نوجوانوں کو دین سے دور اور قرآن سے لا تعلق کرنے پر لگے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک آزاد ی کشمیر اور شہداء کے لواحقین حکمرانوں کی سر دمہری کاشکار ہیں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تحریک آزادی کی کامیابی اور حقیقی اسلامی انقلاب کے لیے لام بندی کی ضرورت ہے نوجوان علم اور عمل کے ہتھیار سے لیس ہو کر آگے بڑھیں وہ مستقبل کی قیادت ہیں ،انہوں نے کہا کہ میرپور والے منگلا ڈیم کے متاثرین آج بھی دربدر ہیں،متاثرین زلزلہ مٹی کے ڈھیر پر پڑے ہوئے ہیں لیکن حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان جماعت اسلامی کی صفوں میں شامل ہو کر حقیقی تبدیلی کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں۔