{AF}
عالمی فتنوں اور دجالی تہذیب کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری امت کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی،عبدالرشید ترابی {/AF}
عوام قرآن کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کریں اور اﷲ کے دین کے قیام کی جدوجہد تمام مسلمانوں پر فرض ہے حکومت اور ریاست کی سطح پر اسلام اور دین کی ترجمانی اسلامی نظام کے قیام کے بغیر ممکن نہیں ہے ،اقتدار کی دوڑ نے بیس کیمپ کو تماشہ بنا دیا ہے ،حکمرانوں کا تحریک آزادی اور عوام کی خدمت کا دعویٰ ہے مگر عملاً ذاتی مفادات سمیٹ رہے ہیں وزارت عظمیٰ پر متمکن رہنے والوں اور متمنیوں نے آزاد خطے کو ایتھوپیا بنا دیا ہے،ہمارے مسائل کا واحد حل اﷲ کے نظام کے قیام میں مضمر ہے،کشمیر کی آزادی اور نظام کی تبدیلی جماعت اسلامی کا مشن ہے عوام جماعت اسلامی کے اس مشن کی تکمیل کے لیے بھرپور ساتھ دیں باغ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ عالمی فتنوں اور دجالی تہذیب کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری امت کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی،آج امت گوناگوں مسائل کا شکار ہے اور سب سے بڑا مسئلہ مغربی تہذیبی یلغار ہے ،امت اپنے ماحول اپنے بچوں اور خواتین کو دین سے وابستہ کرتے ہوئے اس یلغار کا مقابلہ کرے،کشمیرکی آزادی اور حقیقی اسلامی انقلاب جماعت اسلامی کا مشن ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،دریں اثنا ء عبدالرشید ترابی نے تھب میں قاری الیاس ،بھٹی میں حمزہ کے والدہ ،بیس بگلہ میں راجہ حنیف اور راجہ افتخار کے بہنوئی عبدالرزاق مرحوم کے گھروں میں جا کر اظہار تعزیت کیا،عبدالرشید ترابی نے چھتر نمبر1مرہنہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام قرآن کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کریں ،اﷲ کے دین کے قیام کی جدوجہد ہر مسلمان پر فرض ہے دین کی ترجمانی ریاست اور حکومت ہی کر سکتی ہے مگر جب تک اسلامی حکومت قائم نہیں ہو گی یہ ترجمانی ممکن نہیں ہے جماعت اسلامی اﷲ کے دین کے قیام اور اسلامی حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام قائم کیے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے ،مغرب کا دیا ہوا فرسودہ نظام ہمارے مسائل میں اضافے کا باعث بن رہا ہے اس نظام کی تبدیلی ہر مسلمان پر فرض ہے جس طرح نماز فرض ہے اس نظام کے ہوتے ہوئے نہ ہمارا ایمان سلامت رہ سکتا ہے اور نہ ہی ہماری دنیا میں فلاح ہو سکتی ہے یہ اﷲ کا باغی نظام ہے جو عذاب کی صورت میں قوم پرمسلط ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کا تحریک آزادی اور عوام کی خدمت کا صرف دعویٰ ہے عملاً ذاتی مفاد سمیٹ رہے ہیں اور اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں عوام کے منہ سے دو وقت کا نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے ظلم اور نا انصافی کا دور دورہ ہے میرٹ کا قتل عام ہے مخصوص ٹولہ قومی خزانے کو لوٹ رہا ہے اور مخصوص ٹولے میں بانٹ رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ پر متمکن رہنے والے اور اس کے متمنیوں نے آزاد خطے کو ایتھوپیا بنا دیا ہے سڑکیں کھنڈرات کا نقشہ پیش کررہی ہیں بچے سکولوں کی چھتوں کے بغیر کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ،ہسپتال ادویات اور ڈاکٹروں سے خالی پڑے ہوئے ہیں ،تھانے اور کچہریاں عوام کو امن اور ریلیف فراہم کرنے کے بجائے خوف کا نشان بنے ہوئے ہیں ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم اس نظام اور اس کی محافظ قیادت کے خلاف اٹھ کھڑی ہو اوراسی طرح جدوجہد کرے جس طرح 1947ء میں آزاد ی کی جدوجہد کی تھی انہوں نے کہا کہ آزادی جن مقاصد کے لیے حاصل کی گئی تھی و ہ ابھی پورے نہیں ہوئے ،اس موقع پر امیر حلقہ مولانا ہدایت اﷲ اور دیگر قائدین امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔