{AF}
حکومت پاکستان آزاد کشمیر کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے،شیخ عقیل الرحمن{/AF}
مستثنیٰ قرار دینا حکومت کے لیے مشکل ہو تو لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ پنجاب کے برابر کیا جائے،وفاقی حکومت متاثرین زلزلہ کے 55ارب روپے واپس کرے تاکہ جاری منصوبے پائیہ تکمیل کو پہنچیں اور تعمیر و ترقی کا عمل جاری رہ سکے،لوڈ شیڈنگ نے کاروبار زندگی مفلوج کر دیا ہے،بچوں کے امتحانات سروں پر ہیں،بجلی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے ہسپتالوں سمیت اور دیگر کاروباری مراکز کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے بچایا جائے مظفرآباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر و چیئرمین کل جماعتی کانفرنس مظفرآباد شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان آزادکشمیر کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائے اور اس خطے کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے،آزاد خطہ پاکستان کے لیے 1500میگا واٹ بجلی فراہم کر رہا ہے اور رواں منصوبوں کے بعد2200میگا واٹ بجلی فراہم کرے گا اور آزاد کشمیر کو صرف 350میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے جو کشمیریوں کا حق ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان متاثرین زلزلہ کے 55ارب روپے فوری واپس کرے جو سابقہ حکومت نے منتقل کیے تھے انہوں نے کہا کہ متاثرین زلزلہ آج بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں لاکھوں بچے سکولوں کی چھتوں کے بغیر ہیں سڑکیں کھنڈرات کا نقشہ پیش کر رہی ہیں ہسپتال نہ ہونے کے باعث مریض چھوٹی چھوٹی بیماروں کے علاج کے لیے بھی پاکستان کا رخ کرتے ہیں اور غریب مریض یہاں ہی ایڑیاں رگڑ رگڑ کر دم تو ڑ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ موجود ہ حکومت بھی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے قومی وسائل عیاشیوں پر صرف ہو رہے ہیں وزراء اور مشیروں کی فوج ظفرموج مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔