{AF}
کشمیریوں کی قربانیوں اور شہداء کے خون کو نظر انداز کر کے ہندوستان سے دوستی قومی سلامتی کے خلاف ہے‘ لیاقت بلوچ‘ عبدالرشید ترابی {/AF}
جماعت اسلامی نے طویل جدوجہد کر کے باطل نظریا ت کو اسلام کے حقیقی نظریات کو دلیل کی بنیاد پر درست ثابت کیا ‘مغربی استعمار پاکستان کو چاروں اطراف سے گھیر رہا ہے جماعت اسلامی ہرسطح پر ملک و ملت کے وقار اور سلامتی کے لیے صف بستہ رہے گی ‘ کشمیر کی آزادی کے لیے جماعت اسلامی پاکستان اول روز سے ہی پشتیبان ہے اور آزادی کی منزل کے حصول تک پشتیبانی جاری رکھے گی‘ پانچ فروری کو پورے پاکستان میں کشمیریوں سے قاضی حسین احمد کی جلائی ہوئی شمع یکجہتی کوبھر پور انداز سے منایاجائے گا اسلام آباد( پ ر ) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشیدترابی نے مشترکہ طور پر کہاہے کہ کشمیریوں کی قربانیوں اور شہداء کے خون کو نظر انداز کر کے ہندوستان سے دوستی قومی سلامتی کے خلاف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیرکی مرکزی مجلس شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حریت کانفرنس سیدعلی گیلانی کے کنوینئر غلام محمد صفی‘ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے رہنما مولانا غلام نبی نوشہری ‘ سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان ‘ سیاسی امور کے چیئرمین ڈاکٹر مشتاق احمد‘ امور مہاجرین مقیم پاکستان کے امیر نور الباری ‘ نائب امیر ڈاکٹر خالد محمود‘نائب امیر مشتاق ایڈووکیٹ جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالسمیع ‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیرمحمود الحسن چودھری سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک طویل مدت سے جن مسائل کی نشا ن دہی کر رہی تھی آج پاکستان ان ہی مسائل کی دلدل میں گرا ہوا ہے۔مغربی عالمی استعمار اپنے پورے لاؤ لشکر کے ساتھ پاکستان کی سلامتی کے درپے ہے ۔ لیکن پاکستان سے محبت رکھنے والے لوگ اپنے ملک اور نظریے کی حفاظت کے لیے صف بستہ ہیں۔جماعت اسلامی نے باطل نظریات کو اسلام کے حقیقی نظریات کو دلیل کی بنیاد پر سچ ثابت کیا ہے ۔سیکولرازم ‘ اشتراکیت‘ سرمایہ دارانہ نظام انجام سے دو چار ہو چکے ہیں اس وقت پوری دنیاایک متبادل نظام کی متمنی ہے۔یہ نظام صرف اسلامی تحریکیں ہی فراہم کر سکتی ہیں اور ان ہی کا ایجنڈا ہے اس وقت پوری دنیامیں حق اور باطل کا معرکہ پوری شد و مد کے ساتھ جاری ہے اسلامی تحریکیں مشکلات اور مسائل کے باوجود پیش قدمی کر رہی ہیں اگرچہ ان کے راستے میں دیواریں اور رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں اگر وہ خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے اس کے دین کے غلبے کی جدوجہد میں پیش رفت کر رہی ہیں یہ عجیب اتفاق ہے کہ عالم عرب میں اسلامی فکر کو حسن البنا شہید اور بر صغیرمیں اس فکر کو سیدمودودی عوام تک پہنچا رہے تھے انہوں نے کہا کہ سید مودودی اور حسن البنا نے سیکولر نظریات کو دلیل کی بنیادپر شکست دی ۔انہوں نے کہا کہ پوری یکسوئی کے ساتھ باہمی اعتماد کی فضا کو بر قرار رکھتے ہوئے قرآن و سنت کے نظام کے نفاذکے لیے جان مال وقت لگانے کی ضرورت ہے ۔ مطالعے کے شوق کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ اسلام اس خطے کامقدر ہے عالمی طاغوتی نظام فیل ہو چکا ہے۔ مغربی استعمار ‘ فرقہ واریت اور دہشت گردی کے نام پر پاکستان میں عدم استحکام پیداکرنے کی سازشوں میں مصروف ہے پوری قوم کو یکسو اور یک جان ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا ۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے۔ ہندوستان کو جلد یا بدیر کشمیریوں کو ان کاحق دینا ہوگا ۔ جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد کی جلائی ہوئی شمع یکجہتی کو امسال بھی پورے پاکستان میں بھر پور انداز سے منائے گی دیگر جماعتوں نے بھی اپنے اپنے پروگرامات ترتیب دیے ہیں۔جماعت اسلامی دیگر جماعتوں سے مل کر پروگرام ترتیب دے گی ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کشمیری جماعت اسلامی پاکستان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہر مرحلے پر کشمیریوں کی مدد کی تحریک آزادی کشمیر میں اپنا کردار ادا کیا اور ہمیں توقع ہے کہ وہ اپنے اس کردارکو مزیدموثر کریں گے۔ اس موقع پر غلام محمدصفی نے کہا کہ ہندوستان اپنے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچل سکے اور نہ ہی جذبہ آزادی کو سرد کر سکے پوری قوم آزادی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہے اور کشمیری ہندوستان سے خلاصی چاہتا ہے اور ہرگزرتے دن کے ساتھ اس کے جذبات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ مولانا غلام نبی نوشہری نے مقبوضہ کشمیر جماعت اسلامی کا رفتار کار کا جائزہ پیش کیا ۔