{AF}
جماعت اسلامی پاکستان کی تقلید کرتے ہوئے تمام قومی جماعتیں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو باہم مربوط کر کے آزادی کا حقیقی بیس کیمپ بنوانے میں دوٹو ک موقف اختیار کریں،عبدالرشید ترابی {/AF}
بلوچ کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے سدھنوتی کی شوریٰ کی سفارشات کا جائزہ لے لیا مرکزی سیاسی کمیٹی فوری طور پر حتمی سفارشات پیش کرے،متاثرین زلزلہ کے 56ارب روپے تعمیر نو کے واپسی کے لیے عوامی سطح پر اور قانونی سطح پر جدوجہد تیز کریں گے،ملا عبدالقادر شہید کی قرارد اد مسترکر کے پیپلز پارٹی نے اسلام اور پاکستان کے وفاداروں کے درمیان لائن کھینچ دی،آئندہ اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے،پیپلز پارٹی ہوش کے ناخن لیتے ہوئے اسمبلی کا اجلاس بلاوا کر قرارداد پاس کرے اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام قومی جماعتیں جماعت اسلامی پاکستان کی تقلید کرتے ہوئے آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کو باہم مربوط کر کے تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنوانے کے لیے دوٹوک موقف اختیار کریں،کشمیر کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اور آزادی کی منزل حاصل کرنے کے لیے ریاست کے آزاد خطوں کو بیس کیمپ بنانا حالات اور وقت کا تقاضا ہے ہندوستان تقسیم کشمیر کی سازشیں تیز کر رہا ہے،اس کے ان خطرناک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ضروری ہے کہ پوری قوم مل کر ایک موقف اختیار کرے اور قائداعظم کی کشمیر پالیسی کا احیا کرے،ان خیالات کاا ظہار انہوں نے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ بلوچ کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے سدھنوتی کی شوریٰ کی سفارشات کا جائزہ لیا ہے،اور مرکزی سیاسی کمیٹی فوری طور پر حتمی سفارشات مرتب کر کے پیش کرے،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی متاثرین زلزلہ کے56ارب روپے جو سابقہ حکومت منتقل کر چکی ہے اس کی واپسی کے لیے عوامی سطح پر اور قانونی سطح پر جدوجہد تیز کرے گی،اس کے لیے عدالتوں کے دروازے سمیت اسلام آباد میں دھرنے بھی دئیے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ میرٹ کی پامالی بے روزگاری اور کرپشن نے معاشرے کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں،غریب کے لیے انصاف کا حصول نا ممکن ہو چکا ہے پڑھے لکھے بے سفارش نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے دروازے بندہیں،ہر طرف ظلم اور نا انصافی کا راج ہے،ایسے میں جماعت اسلامی ہی امید کی واحد کرن ہے،جو اس نظام کو تبدیل کرنے کا ایجنڈا لیے ہوئے ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ممبران اسمبلی نے عبدالقادر ملا کی قرارداد مسترد کر کے اسلام اور پاکستان کے وفا داروں کے درمیان لکیر کھینچ دی ہے،انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ جب بھی اسمبلی کا اجلاس ہو گا جماعت اسلامی اسمبلی کا گھیراؤ کرے گی،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہوش کے ناخن لیتے ہوئے اسمبلی کا اجلاس طلب کر کے عبدالقادر ملا جس نے پاکستان کے لیے جان دی ہے پر قرارداد پاس کر کے حب الوطنی کا ثبوت دے۔