جماعت اسلامی ضلع باغ کا تعلیمی اداروں کی عدم تعمیر ، میرٹ پامالی ، ویمن یونیورسٹی میں بوگس تقرریوںکے خلاف باغ شہر کی سڑکوں پر احتجاجی مارچ

{AF}logo-jamaat-e-islami-ajkجماعت اسلامی ضلع باغ کا تعلیمی اداروں کی عدم تعمیر ، میرٹ پامالی ، ویمن یونیورسٹی میں بوگس تقرریوںکے خلاف باغ شہر کی سڑکوں پر احتجاجی مارچ  {/AF}

باغ( پ ر)جماعت اسلامی ضلع باغ کا تعلیمی اداروں کی عدم تعمیر ، میرٹ پامالی ، ویمن یونیورسٹی میں بوگس تقرریوں ، سڑکوں کی خستہ حالی ، سرکاری اراضی پر لینڈ مافیا کے قبضے ، تقرریوں کی لوٹ سیل ، انتقامی تبادلوں ، کمیشن مافیا اور باغ کے اداروں کی ناقص کارکردگی ، وزیر صحت کی آبائی سڑک پنیالی تھب کی خستہ حالی اور سڑک کے لیے مختص ایک ارب کی منتقلی ، سعودی شیلٹرز کو کروڑ پتیوں میں تقسیم کرنے کے خلاف باغ شہر کی سڑکوں پر احتجاجی مارچ ، دھرنا ، مین شاہراہ بلاک ہونے کی وجہ سے ٹریفک کانظام معطل ، مسافروں کا شدید مشکلات کا سامنا ، مین پل دھرنے کے باعث ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند ہو گیا جس کے باعث راولپنڈی ، اسلام آباد، مظفرآباداور دیگر شہروں میں جانے والے مسافروں ، طلبا ء وطالبات ، مریضوں کو دشواری کا سامنا ، مجاور ٹولہ جعلی تقرریاں فوری منسوخ کرے ، تعلیمی اداروں کی تعمیر کا عمل شروع کیا جائے ، پنیالی تھب روڈ کی تعمیر کا آغاز کیا جائے ۔ تقرریوں کی لوٹ سیل کو ختم کیا جائے ، 24دسمبر تک اگر یونین کونسل تھب کی سڑک پر کام کاآغاز نہ ہوا تو آئندہ ضلع بھر میں پہیہ جام اور تمام داخلی خارجی راستے غیر معینہ مدت تک بند کر دیں گے ۔ وزیر صحت اپنے آبائی حلقے اور سڑک کی تعمیر کے لیے توجہ دیں ورنہ عوامی غضب کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔ وزیر امور کشمیر ، چیف سیکرٹری باغ میں لوٹ کھسوٹ ، میرٹ کی پامالی ، بوگس تقرریوں ، سڑکوں کے فنڈ کی منتقلی ، سعودی شیلٹرز میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیشن تشکیل دیں اور جعلی دھاندلی کی پیداوار حکومت کا غیر جانبدار احتساب کروانے کے احکامات صادر کریں۔ جماعت اسلامی آئندہ چند روز میں ضلع باغ میں ہونیوالی کرپشن کے ثبوت وزیر امور کشمیر سے ملاقات کر کے پیش کرے گی۔ عوامی حقوق پر اب کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ جماعت اسلامی کی آئندہ کال ضلع بھر کو مکمل جام کرنے کی ہو گی۔ حکومتی ادارے کرپشن میں لتھڑے ہوئے ہیں اور جعلی ٹینڈرز کے ذریعے ترقیاتی ادارہ باغ نے کروڑوں کمیشن حاصل کیا اس کا بھی نوٹس لیا جائے ۔ وزیر صحت اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی اگر عوامی مسائل حل نہیں کر سکتے تو فوری مستعفیٰ ہو کر احتجاجی تحریک میں شامل ہو جائیں۔یونین کونسل تھب کے عوامی مسائل کی آواز بلند کرنے کے لیے تمام جماعتوں پر مشتمل عوامی فورم بھی تشکیل دے دیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع باغ کے زیر اہتمام احتجاجی دھرنے سے مظاہرین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرین سے امیر جماعت اسلامی ضلع باغ عثمان انور ، چیئرمین سیاسی امور جماعت اسلامی ضلع باغ راجہ نثار شائق ، چیئرمین آزاد کشمیر گڈز ٹرانسپورٹ فیڈریشن حاجی سردار محمد افراہیم ، امیر جماعت اسلامی حلقہ وسطی باغ مولانا ہدایت اﷲ ، پریس کلب باغ کے صدر پرویز الحسن طاہر ، مسلم لیگ ن ضلع باغ کے نائب صدر رانا سرفراز ، مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما عمیر حیدر،امیر جماعت اسلامی یونین کونسل ریڑ بن راجہ ارشاد ، راجہ اظہار الحق ، صوبیدار ریاض ، ساجد شفیق ، راجہ بابر ، خرم تیمور اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ باغ میں محکمہ تعلیم میں میرٹ کی پامالی، وزیر صحت کے آبائی گاؤں پنیالی تھب روڈ کی عدم تعمیر ، کرپشن ، قبضہ مافیاکے خلاف جماعت اسلامی ضلع باغ اور یونین کونسل تھب کے عوام کا دھرنااور احتجاجی مظاہرہ ، باغ مین شاہراہ بند کر دی گئی ۔ ٹریفک جام ، مظفر آباد راولپنڈی روڈ ایک گھنٹہ تک بند رہی ۔ مین پل پر ایک گھنٹہ احتجاج کے بعد احتجاجی دھرنے نے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کر لی ۔ احتجاجی مظاہرہ باغ شہر سے ہوتا ہوا پریس کلب باغ کے سامنے پہنچ گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی ، ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے ، کرپٹ حکومت ہائے ہائے ، کے نعروں سے باغ گونج اٹھا، احتجاجی مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع باغ عثمان انور ،راجہ نثار احمد شائق ، رانا سرفراز ، ساجد شفیق ، حاجی افراہیم ، مولانا ہدایت اﷲ اور دیگر کر رہے تھے ۔ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ باغ کے اندر لوٹ کھسوٹ عروج پر ہے ۔ محکمہ تعلیم میں میرٹ کی بد ترین پامالیاں ہو رہی ہیں۔ مسلم کانفرنس کے دور میں منظور ہونے والی پنیالی تھب روڈ کے منصوبے کو ڈراپ کر دیا گیا۔ سردار قمرالزمان نے اپنے گھر کی روڈ کمیشن کی خاطر ڈراپ کروائی ۔ سڑک کی تعمیر کے لیے منظور شدہ کروڑوں روپے کی رقم کہاں گئی منصوبہ کیوں ڈراپ ہوا ؟ تھب کے عوام نے تھیلے بھر کر قمرالزمان کو ووٹ دئیے ۔ جہاں ہسپتال ہے نہ سڑک جب کہ حکمران طبقہ عوام کے فنڈز پر عیاشیاں کر رہا ہے ۔ یونین کونسل تھب میں محکمہ تعلیم میں خالی ہونیوالی آسامیوں پر بڑے پیمانے پر میرٹ کی پامالی کا پلان تیار کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر امور کشمیر آزاد کشمیر میں جعل سازی کا نوٹس لیں اور محکمہ تعلیم ، صحت ، ویمن یونیورسٹی سمیت دیگر اداروں میں میرٹ پامال کرنے والے لوگوں کے خلاف ایکشن لیں۔ احتجاجی دھرنے میں جماعت اسلامی کے علاوہ مسلم کانفرنس ،ن لیگ اور دیگر جماعتوں کی نمائندگی بھی موجود تھی ۔ ایک بڑے قافلے کے ہمراہ یونین کونسل تھب سے آنے والے عوام کاعثمان انور، نثار شائق نے استقبال کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر باغ ، ڈی ایس پی ، ایس ایچ او اور پولیس کی بھاری جمعیت بھی موجود تھی۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر