{AF}
گلگت بلتستان کے مسائل کا حل جماعت اسلامی کی اولین ترجیح ہے،عبدالرشید ترابی {/AF}
گلگت بلتستان کے عوام آئینی او ر سیاسی حقوق کے حصول کے لیے اول روز سے جدوجہد کر رہے ہیں،وحدت کشمیر کو پارا پارا کرنا دشمنوں کا ایجنڈا ہے،عوامی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کا پارلیمانی رول ضروری ہے،رائے عامہ منظم کر کے حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں راولپنڈی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے مسائل کا حل جماعت اسلامی کی اولین ترجیح ہے،اپنی استطاعت کے مطابق یہاں کے مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف اداروں کے ذریعے کام کیا ہے اور مزید بھی کریں گے،یہاں کے عوام آئینی اور سیاسی حقوق کے حصول کے لیے اول روز سے جدوجہد کر رہے ہیں اور جب تک ان کو با وقار اور بااختیار سیٹ اپ نہیں مل جاتا ہماری یہ جدوجہد جاری رہے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کی قائمہ کمیٹی اور جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کی مرکزی سیاسی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے امیر مولانا عبدالسمیع نے آمدہ بلدیاتی اورGBکے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،کمیٹی نے غور وخوض کے بعد آئندہ انتخابات کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا،اجلاس میں مختلف دیگر آپشنز پر بھی غور وفکر کیا گیا،اجلاس میں گلگت بلتستان کے تازہ ترین ایشوز اور مسائل پر بھی غور وخوض کیا گیا،اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں جو اضافی سیٹیں دی جا رہی ہیں اس میں تما م اضلاع کو آبادی کے تباسب سے سیٹوں میں اضافہ کیا جائے،دیامر اور استور کو اس سے قبل آبادی کے باوجود نظرانداز کیا گیا،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ،وحدت کشمیر کو پارا پارا کرنا دشمنوں کا ایجنڈا ہے،عوامی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کا پارلیمانی رول ضروری ہے،رائے عامہ منظم کر کے حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ الیکشن فہرستوں کو صاف اور شفاف بنایا جائے الیکشن کمیشن کو دباؤ سے آزاد ہو کر کام کرنا چاہیے،اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ گندم میں سبسیڈی ختم نہ کی جائے اس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا اور آٹا غریب کی پہنچ سے باہر ہو جائے گا،اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ استور اور شونٹر مظفرآباد روڈ کو بحال کیا جائے دیامر اور کوہستان میں دیامر ڈیم کا سرحدی کمیشن قائم کیا جائے اور دیامر ڈیم کی رائلٹی یہاں کے عوام کا حق ہے۔