{AF}
آل پارٹیز کانفرنس کے سر براہ شیخ عقیل الرحمن کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی سردار عتیق سے متاثرین زلزلہ کی فنڈز کی واپسی کے حوالے سے ملاقات{/AF}
آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں متاثرین زلزلہ کے 55ارب روپے کی واپسی کے لیے جو دھرنا دے گی اس کی ہم حمایت کرتے ہیں‘ متاثرین زلزلہ کی بحالی کے لیے 55ارب روپے واپس کیے جائیں ‘ سردار عتیق راولپنڈی ( پ ر ) شیخ عقیل الرحمن کی سر براہی میں آل پارٹیز کانفرنس مظفر آباد کا ایک وفد جس میں پیپلز پارٹی کے خواجہ فاروق ‘مسلم کانفرنس کے مرتضیٰ گیلانی ‘ شیخ مقصود ‘مسلم لیگ نون کے سردار صدیق خان ‘ جماعت اسلامی سے سید نذیر حسین شاہ ‘قاضی شاہد حمید ‘ انجمن تاجران کے عبدالرزاق سمیت سول سوسائٹی ‘ وکلاء نے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان سے ملاقات کی ‘ ترجمان کے مطابق ملاقات میں شیخ عقیل الرحمن نے سردار عتیق سے مطالبہ کیا کہ آل پارٹیز کانفرنس مظفر آباد متاثرین زلزلہ کے 55ارب روپے کی واپسی کے لیے اسلام آباد میں دھرنا دے رہی ہے جس میں آپ شریک بھی ہوں اور ہمارے ساتھ تعاون بھی کریں ۔ شیخ عقیل الرحمن نے کہا کہ متاثرین زلزلہ کے لیے عالمی برادری نے چھ بلین ڈالر کی امداد دی تھی ‘ مگر وہ پیسے کہاں گئے ‘ کہاں خرچ ہوئے ‘ اس کا کسی کو علم نہیں ہے۔سابق پاکستان کی حکومت نے 55ارب روپے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں منتقل کیے جو تاحال واپس نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ دو ہزار سکول ابھی تک تعمیر نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے بچے شدید سردی اور شدید گرمی میں کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔ سڑکیں کھنڈرات کا نقشہ پیش کر رہی ہیں ‘ انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے ہسپتالوں سمیت دیگر ادارے تعمیر نہ ہو سکے اس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ مسلم کانفرنس مظفر آباد کی قیادت نے بھر پور تعاون کیا اور آپ کے پاس بھی اسی لیے آئے ہیں آپ بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر خواجہ فاروق ‘ مرتضیٰ گیلانی ‘ عبدالرزاق ‘ نذیر شاہ سمیت دیگر لوگوں نے اس موقف کی تائید کی ۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے اسلام آباد میں جو دھرنا ہوگا اس میں وہ شرکت کریں گے اور بھی جہاں ان کو بلایا جائے گا وہ ان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مظفر آباد کی جماعت پہلے سے ہی آپ کے ساتھ ہے اور جہاں میری ضرورت پڑے گی میں بھی حاضر ہوں ۔ دریں اثناء وفد نے سردار عبدالقیوم خان کی عیادت بھی کی۔