{AF}
عبدالرشید ترابی کی وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما امین مشہدی کے وفد سے اہم ملاقات گلگت بلتستان سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال{/AF}
عبدالرشید ترابی کی وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما امین مشہدی کے وفد سے اہم ملاقات گلگت بلتستان سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال
مغربی استعمار امت مسلمہ کو فرقوں اور مسلکوں میں تقسیم کر کے اپنے مقاصد حاصل کر رہا ہے ‘ عبدالرشید ترابی ‘ امین مشہدی
پاکستان اور اسلام دشمن طاقتوں کا اصل ہدف گلگت بلتستان ہے ‘ پاک چین دوستی ہندوستان بھی اپنے لیے خطرہ سمجھتا ہے ‘تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام امت کو جوڑنے کے لیے کردار ادا کریں ‘ جماعت اسلامی اول روز سے ہی ریاست کی وحدت اور امت کے اتحاد کے لیے جدوجہد کر رہی ہے عبدالرشید ترابی کا اسلامی جمعیت طلبہ کے اراکین قرآن کلاس اور مشتاق ایڈووکیٹ کی طرف سے دیے گئے عشائیے میں خطاب
گلگت ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و گلگت بلتستان کے امیر عبدالرشید ترابی نے وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما امین مشہدی سے وفد کے ہمراہ اہم ملاقات کی ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے گلگت بلتستان کے مسائل سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مغربی استعمار امت مسلمہ کو فرقوں اور مسلکوں میں تقسیم کر کے اپنے مقاصد حاصل کر رہا ہے ۔ پاکستان اسلام دشمن طاقتوں کا اصل ہدف گلگت بلتستان ہے یہاں وہ دہشت گردانہ کارروائیاں کر کے یہاں کے امن کو تباہ کر رہے ہیں یہ حساس خطہ ہے اور پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے یہاں امن نہیں ہونے دیا جا رہا ۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی بھی ہندوستان اپنے آپ کے لیے خطرہ سمجھتاہے اور ہندوستان ہی یہاں سازشوں میں مصروف ہے تا کہ یہاں امن قائم نہ ہو اور خاص کر پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات خراب ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے عالمی ایجنڈوں کو ناکام بنانے کے لیے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی ۔ جماعت اسلامی اول روز سے ہی ریاست کی وحدت اور امت کی وحد ت کے لیے جدوجہدکر رہی ہے انہوں نے کہا کہ تمام دینی سیاسی جماعتوں کو مل کر کشمیر کی آزادی کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا ۔ دینی اور سیاسی جماعتوں کو کشمیر کی آزادی کو ایجنڈابنانا ہوگا ۔ اس موقع پر وحد ت المسلمین کے مرکزی رہنما امین مشہدی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گلگت بلتستان کے حقوق اور امت کی وحد ت کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے ہم اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں جماعت اسلامی نے ہمیشہ فرقہ واریت کو ختم کرنے کے لیے کردار ادا کیا ۔ مشترکہ کانفرنسز کروائیں جس سے فرقہ واریت میں کمی آئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کے اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ دریں اثناء عبدالرشید ترابی نے اسلامی جمعیت طلبہ گلگت بلتستان کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن و سنت کی بنیاد پرنوجوانوں کو منظم کریں ان کو اسلام اور قرآن سے جوڑیں۔ قرآن ہی فرقہ واریت کی شدت کو کم کرے گا اور ہمارے مسائل کا حل بھی اسی کے اندر موجود ہے ۔قرآن کلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ امت نے قرآن سے تعلق توڑا ہے جس کی وجہ سے ہم مسائل کاشکار ہیں امت کو ایک بار پھر قرآن کو پھر اپنا تعلق مضبوط کرنا ہوگا اس کو سمجھنا ہوگا اس کو پڑھنا ہوگا اور اس کو اپنے معاشرے میں نافذ کرنا ہوگا ۔ قران کا سب سے بڑا حق یہ ہے کہ اس کے نظام کو ہم نافذ کریں ۔ عبدالرشید ترابی نے مشتاق احمد ایڈووکیٹ کی طرف سے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکاء کے خطاب کیا ۔اس موقع پر امیر گلگت بلتستان مولانا عبدالسمیع ‘ نظام الدین ‘مشتاق احمد ایڈووکیٹ اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔