{AF}
من موہن سنگھ کی آمد پر کشمیریوں نے تاریخ ساز ہڑتال کر کے ہندوستان کے خلاف ریفرنڈم کر دیا ‘ نور الباری {/AF}
من موہن سنگھ کی آمد پر کشمیریوں نے تاریخ ساز ہڑتال کر کے ہندوستان کے خلاف ریفرنڈم کر دیا ‘ نور الباری
وادی کا سماں اس بات کی شہادت ہے کہ غاصب ملک کا وزیر اعظم جب دورہ کرتا ہے تو نفرت کا اظہار اس طرح ہوتا ہے ‘ہندوستان کے وزیر اعظم کو مان لینا چاہیے اور جان لینا چاہیے کہ طاقت کے سوا کشمیر پران کا قبضہ نہیں ہے ‘ ہندوستان کے وزیر اعظم کی آمد پر گم نام قبروں کا انکشاف ان کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے‘ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے یہی مسئلے کا واحد حل ہے
راولپنڈی ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے نائب امیر و نگران امور مہاجرین نور الباری نے کہا ہے کہ من موہن سنگھ کی سری نگر آمد پر کشمیریوں نے تاریخ ساز ہڑتال کر کے ہندوستان کے خلاف ایک اور ریفرنڈم کر دیا ہے ۔وادی کا سماں اس بات کی شہادت ہے کہ غاصب ملک کا وزیر اعظم جب دورہ کرتا ہے تو نفرت کا اظہار اس طرح ہوتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہاجرین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم کو یہ جان اور مان لینا چاہیے کہ اس کے پاس طاقت کے سوا کشمیر پر قبضہ کرنے کا اور کوئی راستہ اور جواز نہیں ہے ۔ علاقے پر طاقت کے ذریعے حکومت تو کی جا سکتی ہے لیکن ریاست کے لوگ اس سے نفرت کرتے ہیں ۔ من موہن سنگھ کی آمد پر جس طرح پوری وادی کو محصور کر کے فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا قائدین و کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا اس کی نظیر دنیا میں نہیں ملتی ۔ قائدین کو نظر بند اور قوم کو گرفتار کر کے دورے کرنے والے پوری دنیا میں بے نقاب ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد کرواتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خود ارادیت فراہم کرے ‘ انہوں نے کہاکہ خود ہندوستان نے عالمی برادری کے سامنے یہ عہد کر رکھا ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت فراہم کرے گا ‘ انہوں نے کہا کہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھا جا سکتا آئے روز گم نام قبروں کا انکشاف عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور محصور کشمیریوں کو آزاد کروائے اور ان کا پیدائشی حق ان کو دلوائے ۔ اقوام متحدہ کی قرار داوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا ہی مسئلے کا واحد حل ہے ۔