{AF}
تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کے بجٹ میں آزادی کے لیے ایک روپیہ بھی مختص نہ ہونا تشویش ناک ہے ‘ عبدالرشید ترابی {/AF}
تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کے بجٹ میں آزادی کے لیے ایک روپیہ بھی مختص نہ ہونا تشویش ناک ہے ‘ عبدالرشید ترابی
انتظامی اخراجات پر خطیر رقم رکھنے کے بجائے تعمیراتی بجٹ میں اضافے سے ہی عوام کے مسائل حل ہوں گے‘ آزاد کشمیر کے وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے ٹھوس حکمت عملی اور بجٹ میں رقم مختص نہ کرنا نا اہلی ہے ‘بیس کیمپ کی حکومت چھوٹے چھوٹے بجلی کے منصوبے لگا کرلوڈ شیڈنگ جیسے عذاب سے نجات دلا سکتی تھی‘ روز گار کی فراہمی کے لیے کوئی ٹھوس حکمت عملی وضع نہیں کی گئی ‘انگریزی تعلیم کے لیے بجٹ میں رقم ہے مگر قرآن کی تعلیم کے لیے بجٹ میں رقم کا مختص نہ ہونا المیہ ہے ‘حکومت انتظامی اخراجات کم کر کے عوام کوریلیف فراہم کرے ‘ مشیروں اور وزراء کی فوج ظفر موج قومی خزانے پر بوجھ ہے جو عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافے کا باعث ہے۔
سدھن گلی ( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و کنوینئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کے بجٹ میں آزادی کے لیے ایک روپیہ بھی مختص نہ ہونا تشویش ناک امر ہے ۔انتظامی اخراجات پر خطیر رقم رکھنے کے بجائے تعمیراتی بجٹ میں اضافہ کر کے عوامی مسائل حل کیے جا سکتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرون ملک دورے سے واپسی پر ان کے اعزاز میں رکھے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر ضلع نثار احمد شائق ‘ امیر حلقہ سردار حاجی افراہیم ‘سردار آصف اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ان وسائل کو اگر دیانت داری سے بروئے کار لایا جائے تو آزاد خطہ تعمیر و ترقی میں یورپ کو بھی مات دے سکتاہے ۔مگر بد قسمتی سے 65سالوں سے جو قیادت خطے پر مسلط ہے اس کا ایجنڈا قوم کی خدمت کرنے کے بجائے قومی وسائل کو لوٹنا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزراء مشیروں کی فوج ظفر موج قومی خزانے کو اللوں تللوں میں اڑا رہی ہے جب کہ عوام مسائل کا شکار ہیں اور ان کے مسائل میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ متاثرین زلزلہ ابھی تک مٹی کے ڈھیر پر پڑے ہیں سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں بچے چھتوں کے بغیر شدید سردی اور شدید گرمی میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں‘ صحت کا حال اس سے بھی برا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے ٹھوس حکمت عملی اور بجٹ میں رقم مختص کرنے کے بجائے ان کو نظر انداز کر دیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ آزاد خطہ میں قدرتی بہاؤ پر بہنے والے دریاؤں پر صرف ٹربائن لگا کر بائیس ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے مگر قیادت کی نا اہلی کی وجہ سے یہ خطہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے اور عوام لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں بے روز گار نوجوانوں کے روز گار کے لیے کوئی ٹھوس حکمت عملی وضع نہیں کی گئی اور نہ ہی بجٹ میں اس کے لیے کوئی رقم مختص کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نظریاتی خطے میں جو اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے حاصل کیاگیا تھا اس میں انگریزی تعلیم کے لیے تو بجٹ ہے مگر قرآن کی تعلیم کے لیے بجٹ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کو بھی نتیجہ خیز بنائے اور آزاد خطے کے مسائل کو بھی حل کرے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک بیس کیمپ میں دیانت دار اور اہل قیادت نہیں آتی اس وقت تک ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ چہرے نہیں نظام بدلنے سے تبدیلی آئے گی اور نظام کی تبدیلی کا ایجنڈا جماعت اسلامی کے پاس ہے ۔قوم جماعت اسلامی پر اعتماد نہیں کرے گی تو اسی طرح سال ہا سال تک مسائل میں مبتلا رہے گی ۔ عرب اسلامی ممالک میں قوم نے بالآخریہ فیصلہ کر لیا ہے کہ ان کے مسائل کا حل اور ان کی حقیقی ترجمانی اسلامی قیادت ہی کر سکتی ہے ۔یہاں کے عوام کو بھی یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ جن مقاصد کے لیے یہ ملک حاصل کیاگیا تھا اس کے عملی نفاذ کے لیے اسلامی قیادت کو سامنے لانا ہوگا ۔ یہی ہمارے مسائل کا واحد حل ہے اور کشمیر کی آزادی کی ضمانت بھی ہے۔