{AF}
جب تک دنیا کے مظلوم اور محکوم عوام وار لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوتا دنیا کے امن کے لیے خطرہ لاحق رہے گا ۔ نکی سینکلر{/AF}
جب تک دنیا کے مظلوم اور محکوم عوام وار لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوتا دنیا کے امن کے لیے خطرہ لاحق رہے گا ۔ نکی سینکلر
برمنگھم ( پ ر) تحریک کشمیر برطانیہ کی زیر صدارت استقبالیہ تقریب سے یورپین ممبر آف پارلیمنٹ نکی سینکلر نے کہا کہ جب تک دنیا کے مظلوم اور محکوم عوام وار لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوتا اقوام متحدہ اور عالمی برادری اس ضمن میں جب تک اپنا کردار ادا نہیں کرتے دنیا کے امن کے لیے خطرہ لاحق رہے گا ۔ کشمیریوں کے ساتھ جو وعدے کیے گئے تھے آج تک ان پر عمل درآمد نہیں ہوا جو ممالک عالمی معاہدوں کی پاسداری نہیں کرتے وہ امن کے راستے میں رکاوٹ ہیں ان پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے کہ وہ عالی معاہدوں پر عمل درآمد کریں ۔ کشمیریوں نے عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے لاکھوں قربانیاں دی ہیں اور اس وقت مقبوضہ جموں وکشمیر میں وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیاں ہو رہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ کشمیر ویک کے موقع پر یورپین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر جو پیش رفت ہوئی ہے اس کا تقاضا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے پیش رفت کرے ۔ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے بھارت اور پاکستان کو مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا ۔ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہیں جب تک متنازعہ مسائل کو پر امن طور پر نہیں حل کیا جاتا خطے میں امن کی گارنٹی نہیں دی جا سکتی ۔ ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے نائب صدر نذیر قریشی نے کہا کہ کشمیریوں نے ہمیشہ امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیا ہے عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے لاکھوں کشمیریوں نے قربانیاں دی ہیں البتہ بھارت نے ہمیشہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ عالمی معاہدوں کا انحراف اور جدوجہد کے خلاف طاقت کا استعمال کر کے پر امن کوششوں کو سبو تاژ کیا ہے ۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر محمد غالب نے نکی سینکلر کو خوش آمدیدکہتے ہوئے یورپین پارلیمنٹ میں ان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی ایک نئی نسل میدان میں آ چکی ہے ۔ دنیا کو بار بار توجہ دلائی جا رہی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں ورنہ حالات کی ذمہ داری کشمیریوں پر نہیں ہوگی۔ سابق کونسلر نجمہ حفیظ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کرانے کے لیے دنیا کو ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور بر بریت کی ایسی داستانیں ہیں جو سن کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔عصمت دری کے ہزاروں واقعات رونما ہوئے جن میں والدین اور بہنوں کے سامنے عفت مآب خواتین کی عصمت دری کی گئی جو بھارت منہ پر کالا دھبہ ہیں ۔یو کے اسلامک مشن کے سابق صدر اور مناب کے چیئرمین علامہ سرفراز مدنی نے کہا کہ نکی سینکلر نے گزشتہ ماہ جس طرح پورا ایک دن یورپین پارلیمنٹ میں کشمیریوں کی آواز کو مختلف ممالک کے ممبران پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا وہ زبردست خراج تحسین کی مستحق ہیں اور کشمیری ان کی کوششوں کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں ۔ فلسطین سالڈیرٹی کمیٹی کے وائس چیئرمین کمال نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین ایسے مسئلے ہیں جو 1947سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہیں اور آج تک حل نہیں کیا جا سکا۔ بھارت اور اسرائیل دنیا کے امن کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ سٹاپ دی وار کولیشن برمنگھم کے چیئرمین سٹورٹ رچرڈ سن نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بڑی طاقتوں نے یرغمال بنا رکھا ہے ۔ عراق اور افغانستان پر حملہ کرنے کے لیے راتوں رات قراردادوں کی منظور کر لی جاتی ہیں مگر کشمیر اور فلسطین پر65سال سے قرار دادوں پر عمل درآمد نہیں ہوتا جب کہ عالمی دنیا نے دہرا معیار اختیار کر رکھا ہے کہ مسلمان اپنی آزادی کے لیے پتھر بھی اٹھائے تو اسے دہشت گرد قرار دے دیا جاتا ہے ۔ جب کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ سے زائد فوج ظلم اور بربریت کا ارتکاب کر رہی ہے دنیا اس پر خاموش تماشائی ہے ۔ کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ مولانا بوستان قادری نے نکی سینکلر کو یورپین پارلیمنٹ میں کشمیر ویک منعقد کرنے پر مبارک باد دی ۔ تقریب سے کنفڈریشن آف سنی مساجد کے چیئرمین راجہ سلیم اختر ‘ جمعیت اہل حدیث کے امیر مولاناعبدالہادی العمری اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔