{AF}
عبدالرشید ترابی کی الجزائر کی حکمران جماعت ایف ‘ ایل ‘این کے پارلیمانی لیڈر ملاقات ‘ مسئلہ کشمیر سمیت باہمی امور پر تبادلہ خیال{/AF}
عبدالرشید ترابی کی الجزائر کی حکمران جماعت ایف ‘ ایل ‘این کے پارلیمانی لیڈر ملاقات ‘ مسئلہ کشمیر سمیت باہمی امور پر تبادلہ خیال
اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خود ارادیت فراہم کیا جائے ‘طاہر خاوا طہٰ ‘ عبدالرشید ترابی
الجزائر کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ‘ الجزائر کی آزادی کے لیے پاکستان نے بھرپور تعاون کیا ‘ اب الجزائر کے عوام اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی موقف کی حمایت کریں‘ الجزائر نے آزادی کے لیے پندرہ لاکھ شہداء پیش کیے ہیں ‘ ان کو کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں تکالیف کا اندازہ ہے ‘ہندوستان کشمیریوں پر مظالم بند کرے اور ان کو آزادی دے ‘ طاقت اور تسلط سے آزادی کی تحریک ختم نہیں کی جا سکتی الجزائر( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و کنوینئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے الجزائر میں حکمران جماعت این ایل ایف کے پارلیمانی لیڈر طاہر خاوا طہٰ سے اہم ملاقات کی ‘ ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے میں کردار ادا کرے ۔ اس موقع پر الجزائر کی حکمران پارلیمانی پارٹی کے رہنما طاہر خاوا طہٰ نے کہا کہ الجزائر نے اپنی آزادی کے لیے پندرہ لاکھ شہداء پیش کیے ہیں ‘ وہ کشمیریوں کے دکھ کو محسوس کر رہے ہیں ‘ ہندوستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق آزادی فراہم کریں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور مظالم فوری طو رپر بند کرے ‘ انہوں نے عبدالرشید ترابی کو یقین دلایا کہ او آئی سی کے بین الاقوامی پارلیمانی گروپ کے چیئرمین کا تعلق الجزائر سے ہے وہ فوری طور پر اپنی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلا کر او آئی سی کے چیئرمین کو کہیں گے کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لیے بھر پور کردار ادا کرے ۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد ہندوستان کو یہ پیغام دیاجائے گا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم فوری طور پر بند کرے ۔ اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ کشمیر میں تازہ ترین صورت حال سے الجزائر کی پارلیمنٹ کے رہنما کو آگاہ کیا ۔ اور ان کو بتایا کہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بے پناہ خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں ہندوستان کی آٹھ لاکھ فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے بچے خواتین کوئی بھی ان کے ظلم سے محفوظ نہیں ‘ قائدین کو جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے ‘ غزہ کی طرح کا محاصرہ کشمیر میں بھی کیاگیا ہے نہ کوئی ریلیف کی تنظیم وہاں جا سکتی ہے اور نہ ہی انسانی حقوق کی کسی تنظیم کو جانے کی اجازت ہے۔حتیٰ کہ او آئی سی کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو بھی ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ الجزائر کی آزادی کی جدوجہد میں پاکستان نے ان کی بھرپور مدد کی اب کشمیری الجزائر کے عوام اور حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں ان کا تعاون کریں اور پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کریں ۔ دریں اثناء عبدالرشید ترابی نے الجزائر کے سب سے بڑے اخبار اور ٹی وی چینلز پر بھی کشمیر میں ہونے والے مظالم سے وہاں کے عوام کو آگاہ کرنے کا اہتمام کیا ۔