{AF}
کشمیریوں کی جدوجہد انصاف پر مبنی ہے ۔ جان ہیمنگ {/AF}
کشمیریوں کی جدوجہد انصاف پر مبنی ہے ۔ جان ہیمنگ
لندن ( پ ر) ممبر آف برطانوی پارلیمنٹ جان ہیمنگ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد انصاف پر مبنی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے بریڈ فورڈ سے سری نگر جانے والے کانوائے سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں مدد ملے گی ۔ سیز فائر لائن دیوار برلن کی طرح ختم ہونی چاہیے اس کی وجہ سے خاندانوں کی تقسیم کو ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔ ساٹھ سال سے جو لوگ آپس میں نہیں مل سکے وہ اپنے خاندانوں کے ساتھ ملاقات کریں گے اور مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر محمد غالب کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد جس میں کشمیر انفارمیشن سنٹر کے چئرمین خواجہ محمد سلیمان اور برمنگھم سٹی کونسل کے سابق کونسلر راجہ شوکت خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف توجہ دینا ہوگی ۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں حل طلب ہے ۔ بھارت اور پاکستان عالمی معاہدوں کے پابند ہیں اور خطے میں امن قائم کرنے سے دونوں ممالک کو حاالت ساز گار بنانے ہوں گے تا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات بحال ہو سکیں اور دونوں ملکوں کے عوام کو اپنے مسائل کوحل کرنے میں مدد مل سکے ۔ خواجہ محمد سلیمان نے ممبر آف پارلیمنٹ جان ہیمنگ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ کشمیر کاز کی حمایت کی اور ستمبر میں سری نگر جانے والے کانوائے کی حمایت کرنا کشمیریوں کی جدوجہد کو تقویت پہنچانے کے مترادف ہے ۔ سابق کونسلر راجہ شوکت خان نے کہا کہ بھارت نے مذاکرات کے لبادے میں کشمیریوں کا قتل عام شروع کر رکھا ہے اور بھارت ہٹ دھرمی کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر کے حل میں کوئی پیش رفت نہیں کررہا ہے۔