{AF}
پاکستان میں آئندہ بر سر اقتدار آنے والی حکومت میں کسی کشمیر کمیٹی کی ضرورت نہیں محمد یاسین {/AF}
پاکستان میں آئندہ بر سر اقتدار آنے والی حکومت میں کسی کشمیر کمیٹی کی ضرورت نہیں محمد یاسین
نیلسن ( پ ر ) تحریک کشمیر برطانیہ کے نائب صدر محمد یاسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئندہ بر سر اقتدار آنے والی حکومت میں کسی کشمیر کمیٹی کی ضرورت نہیں ۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے ۔ گزشتہ پانچ سال میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا کوئی کردار نہیں تھا پوری پاکستانی قوم کی کشمیر سے وابستگی ہے ۔ مسئلہ کشمیر پاکستان کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔اس کا تقاضا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کو کشمیریوں کی پشت پر لا کھڑا کیا جائے ‘ کشمیر کمیٹیوں نے مسئلہ کشمیر پر کسی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ۔اس کے برعکس پاکستان کے فارن آفس اور بیرون ملک پاکستان کے سفارت خانوں کو متحرک کرنا چاہیے اور بیرون ملک آباد پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی اور تنظیموں کی خدمات حاصل کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کشمیر کمیٹیاں ایسے لوگوں کے حوالے کی گئی تھیں جن کا تحریک آزادکشمیر سے وابستہ کشمیری مجاہدین اور قیادت سے کوئی تعلق اور رابطہ نہیں تھا ۔ کشمیر کے نام پر محض دنیا کی سیر و تفریح ہوتی رہی ہے ۔ کشمیریوں کوایسی کمیٹیاں نہیں چاہئیں ۔ جو کشمیر کی تاریخ اور جغرافیے سے نا واقف ہیوں ۔ چوہدری یاسین نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کا تقاضا ہے کہ بیس کیمپ کی حکومت اور حریت کانفرنس کو مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کا موقع دیا جائے ۔ بیس کیمپ میں جو قانونی رکاوٹیں ہیں انہیں ختم کیا جائے اور آزاد خطے میں قائم آل پارٹیز کشمیر رابطہ کونسل کو مضبوط کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت سے کشمیریوں کو بڑی توقعات وابستہ ہیں میاں نواز شریف وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر بھارت کو پسندیدہ قرار دینے کے بیان کو واپس لینے کا اعلان کریں ۔مجاہدین اور حریت قیادت کو اعتماد میں لے کر بیرون ملک آباد کشمیری تنظیموں اور کمیونٹی کے صلاح مشورے کے بعد نئے سرے سے کشمیر پالیسی اختیار کی جائے اور مسئلہ کشمیر پر قومی موقف کو اپنایا جائے اور بھارت کے ساتھ مذاکرات کو جاری رکھنے پر مجاہدین کی قیاد ت کو اعتماد میں لیا جائے ۔