{AF}
تحریک کشمیر برطانیہ کے جنرل سیکرٹری مفتی عبدالمجید ندیم نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے الیکشن کا مکمل نتیجہ آنے سے پہلے ہی اعلان کر دیا ہے کہ وہ بھارت جا رہے ہیں{/AF}
برمنگھم (پ ر ) تحریک کشمیر برطانیہ کے جنرل سیکرٹری مفتی عبدالمجید ندیم نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے الیکشن کا مکمل نتیجہ آنے سے پہلے ہی اعلان کر دیا ہے کہ وہ بھارت جا رہے ہیں اور بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کو اپنی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے دعوت دے رہے ہیں۔ اس سے کشمیریوں کے اندر گہری تشویش اور رد عمل پایا جاتا ہے کہ آخر میاں نواز شریف کواتنی کیا جلدی تھی کہ انہوں نے کسی مشورہ کیے بغیر کسی کے اشاروں پر ایسے اعلانات کیے ہیں جب کہ ابھی تک انہوں نے وزیر اعظم کا حلف بھی نہیں اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو میاں نواز شریف سے بڑی امید یں کہ وہ پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کو ختم کر کے مسئلہ کشمیر پر ٹھوس اور واضح پالیسی اور موقف اختیار کریں گی بھارت کو پسندیدہ قرار دینے کے فیصلے کو واپس لیں گے۔ مگر انہوں نے ایک لاکھ کشمیریوں کی لاشوں کو نظر انداز کر کے من موہن سنگھ کو گلے لگانے کا اعلان کر دیا ۔ مفتی ندیم نے کہا کہ میاں نواز شریف 1999ء کے دور کی باتیں کر رہے ہیں جب کہ آج حالات بہت بدل گئے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کی ایک نئی نسل میدان میں آ چکی ہے۔ کشمیری بھارت کے ہاتھوں جس ظلم اور بر بریت کا نشانہ بن رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی کشمیریوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے بھارت کے ساتھ جس طرح کی پینگیں بڑھائی جا رہ ہیں ا س سے ن لیگ کی پالیسی واضح ہو گئی ہے کہ وہ پی پی سے چار قدم آگے بڑھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے راستے میں اصل مسئلہ کشمیر ہے ۔ امن سارے راستے کشمیر سے گزرتے ہیں ۔ پاکستان نے اگر بھارت کے ساتھ کوئی معاہدہ کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف شدید رد عمل ہوگا پرویز مشرف نے ماضی میں اپنی کوششیں کی تھیں مگر وہ ناکام ہو گئے تھے اور میاں نواز شریف اس طرح کی کوئی بات نہ کریں ۔