{AF}
تحریک کشمیر برطانیہ کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سر براہ میاں نواز شریف کو اتنا جلدی میں بھارت کا دورہ کرنے کی کیا ضرورت پڑی ہے ۔ بھارت کے حکمران بڑے مکار اور چالاک ہین ۔{/AF}
لوٹن ( پ ر ) تحریک کشمیر برطانیہ کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سر براہ میاں نواز شریف کو اتنا جلدی میں بھارت کا دورہ کرنے کی کیا ضرورت پڑی ہے ۔ بھارت کے حکمران بڑے مکار اور چالاک ہین ۔ ماضی میں پرویز مشرف اور آصف علی زرداری نے بھارت کے دورے سے واپسی پر کشمیر پر خاموشی اختیار کر لی بلکہ بھارت کے ساتھ تعلقات استوار کرنے میں مصروف ہو گئے اور پھر مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیاگیا اور یہی خدشات میاں نواز شریف کے دورے کے بعد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف پہلے سید علی گیلانی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دیں اس سے بھارت کی نیت اور سنجیدگی کا اندازہ ہو جائے گا کہ وہ پاکستان کے ساتھ خوش گوار تعلقات اور مسئلہ کشمیر کے حل میں کتنا مخلص ہے ۔ بھارت کا ماضی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے پاکستان کے دورے کے بعد وہان جا کر جو موقف اختیار کیا تھا وہ ریکارڈ پر موجود ہے اور بھارت پر امن طور پر مسائل کو حل کرنے میں مخلص نہیں ہے ۔ چوہدری محمد شریف نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اتنی جلد بازی میں بھارت کا دورہ کرنے کی خواہش کو کیوں ظاہر کیا ہے اس سلسلے میں کیا کشمیریوں کو اعتماد میں لیاگیا ہے اور ان کے بھارت جانے کا ایجنڈا کیا ہے ۔ ابھی تک تو ملک میں کوئی حکومت بھی قائم نہیں ہوئی اور ملک کے حالات بھی اس قدر بحرانوں کا شکار ہیں اور ان حالات میں بھارت کا دورہ کرنے کے مقاصد سمجھ سے بالا تر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت انر جی بحران ‘ دہشت گردی اور معاشی طور پر تباہی کے کنارے کھڑا ہے ان حالات پر تجزیہ دینے سے پہلے بھارت کا دورہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہو سکتا ۔ میاں نواز شریف کے موقف میں اس طرح کوئی مضبوطی نہیں ہوگی ۔بھارت پاکستان کے حالات میں جس طرح ملوث ہے اس کے پیش نظر بھارت میاں نواز شریف کو بلیک میل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا ۔ چوہدری شریف نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران بھارت کے ساتھ مذاکرات کے نتائج دنیا کے سامنے ہیں بھارت کو پسندیدہ قرار دینے کے باوجود بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف زہر اگلا ہے اور پاکستان کو بد نام کرنے کے لیے ہر طرح کا پراپگنڈا کیا ہے ۔