{AF}
کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے حمایت حاصل کی جائے کل جماعتی وفد{/AF}
اسلام آباد( پ ر)کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی یو کے کا ایک نمائندہ وفدجس کی قیادت صدر شہزاد قال کررہے ہیں وزیر اعظم آزا دکشمیر چوہدری عبدالمجید کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ گیا ہے ۔ وفد میں کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر شہزاد اقبال ‘سرپرست اعلیٰ مولانا محمد بوستان قادری ‘ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر محمد غالب ‘ کشمیر انفارمیشن سنٹر کے خواجہ محمد سلیمان اورکشمیر فورم کے نائب حسین مغل چئرمین کشمیرفورم شامل ہیں ۔ وفد وزیر اعظم آزا دکشمیر کے علاوہ مختلف سیاسی قیادت اور پاکستان کے مختلف اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقات کرے گا۔ وفد بین الاقوامی سطح پر تحریک آزادی کشمیر کے لیے کی جانے والی کوششوں اور حکومت آزاد کشمیر اور پاکستان کی کشمیر پالیسی پر اپنے نقطہ نظر کے حوالے سے مختلف لیڈروں سے تبادلہ خیال کرے گا۔ کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ نے اسلام آباد پہنچ کر کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اس وقت ایک نازک مرحلے سے گزر رہی ہے ۔ عالمی سطح پر پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں جس کا اثر تحریک آزادی کشمیر پر پڑ رہا ہے کشمیریوں نے اپنے وطن کی آزادی کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ اب اشد ضروری ہے کہ مختلف محاذوں پر ہونے والے کام کا جائزہ لیا جائے اور یک آواز ہو کر بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے پیش کیا جائے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے حمایت حاصل کی جائے ۔ رابطہ کمیٹی گزشتہ پچیس سالوں سے برطانیہ اور یورپ میںکشمیر کاز کے لیے لابنگ کر رہی ہے ۔ رابطہ کمیٹی کے صدر شہزا د اقبال نے کہا کہ برطانیہ کے مختلف ممبران پارلیمنٹ مختلف کونسلیں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتی ہیں اسی طرح یورپین پارلیمنٹ میں ہمیں حمایت حاص ہے ‘ اب ہمیں ایک منظم طریقہ سے یک آواز ہو کر اپنے کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ تحریک کشمیر کے صدر محمد غالب نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ‘ آزاد کشمیر اور پاکستان کی کشمیر پالیسی اگر ایک نہ ہو گی تو بین الاقوامی سطح پر ہماری لابی غیر موثر ہوگی اس لیے نہایت ضروری ہے کہ کشمیر پالیسی اتفاق رائے سے طے ہو اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے ار د گرد گھومتی ہو ورنہ مختلف پالیسیاں کشمیر کواز کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور ہم جیتی ہوئی جنگ ہار جائیں گے ۔ خواجہ محمد سلیمان نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حقیقی روح سے واقف ہو گیا ہے اور عالمی سطح پر بھارتی پروپیگنڈا ناکام ہو رہا ہے ۔ اس لیے ضروری ہے کہ تمام محاذوں پر اپنے کام کی رفتار تیز کی جائے ۔نائب حسین مغل نے کہا کہ حکومت پاکستان کو اقوام متحدہ کی کشمیر پر قرار دادوں پر عمل درآمد کروانے کے لیے تمام ممالک میں لابی کرنے کی اشد ضرورت ہے او آئی سی نے کشمیر پر جو موقف اختیار کیا ہے اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں لیکن جب تک عالمی میدان میں کام نہیں ہوگا اس وقت تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا۔