قومی جماعتیں انتخابی منشور اور حکمت عملی میں مسئلہ کشمیر کو سر فہرست رکھیں ‘ عبدالرشید ترابی

{AF}abdur-rashid-turabiقومی جماعتیں انتخابی منشور اور حکمت عملی میں مسئلہ کشمیر کو سر فہرست رکھیں ‘ عبدالرشید ترابی{/AF}

بھارت جب تک مسئلہ کشمیر پر پیش رفت نہ کرے جزوی مسائل پر بات چیت کا کوئی حاصل نہیں ‘ بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دینا شہداءکشمیر کے خون سے غداری اور پاکستان کی سلامتی کو داﺅ پر لگانے کے مترادف ہے ‘ ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کراچی ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے ‘ بھارت جب تک مسئلہ کشمیر پر پیش رفت نہ کرے جزوی مسائل پر بات چیت کا کوئی حاصل نہیں ‘ بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دینا شہداءکشمیر کے خون سے غداری اور پاکستان کی سلامتی کو داﺅ پر لگانے کے مترادف ہے ‘ حکومت بین الاقوامی سطح پر بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرے ۔ قومی جماعتیں انتخابی منشور اور حکمت عملی میں مسئلہ کشمیر کو سر فہرست رکھیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے دفتر جماعت اسلامی کراچی ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی ‘سیکرٹری نسیم صدیقی ‘سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بھارت کے جبر و تشدد اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود مقبوضہ جموں وکشمیر میں تحریک آزادی جاری و ساری ہے اور کشمیری اس بات پر پر عزم ہیں کہ حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور بھارت کے آئینی انتظام کے اندر کسی کو قبول نہیں کیا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے اپنے موقف میں لچک اور پسپائی کے باوجود بھارت بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ وہ بات چیت کے عمل کو محض ایک وقت گزاری کے ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کر رہا ہے ۔اگر وہ بات چیت کے عمل میں سنجیدہ ہوتا تو کالے قوانین واپس لیے جاتے آٹھ لاکھ افواج میں کمی کی جاتی اور ریاستی دہشت گردی کا جو عمل جاری ہے اسے بند کیا جاتا مگر ایسا کوئی اشارہ سامنے نہیں آیا بلکہ اس عرصے میں افواج میں اضافہ کیاگیا اور فوجی قبضے کو مستحکم کرنے کے اقدامات کیے گئے ۔ ہزاروں لوگ ابھی بھی جیلوں میں ہیں ‘ ہزاروں لاپتہ ہیں اورافضل گورو جیسے اسکالر کو فیئر ٹرائل کے بغیر تختہ دار پر لٹکانے کی تیاری ہو رہی ہے اس عرصے میں ساڑھے چھ ہزار گم نام شہداءکی قبریں انسانی حقوق کے اداروں نے دریافت کی ہیں اور یہ عمل اب بھی جاری ہے ‘ اس قتل عام میں ملوث پانچ سو سول اور ملٹری آفسیرز کی نشان دہی کی گئی جنہوں نے یہ گھناﺅنا جرم کیا تھا مگر ابھی تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ اس کے بجائے کالے قوانین کا شکنجہ مزید تنگ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے اور بنیادی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے ۔قائد حریت سید علی شاہ گیلانی گزشتہ ایک سال سے نظر بندرکھے ہوئے ہیں ۔ انہیں جمعہ اور عیدین کی نماز پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ جب کہ فریضہ حج کی ادائیگی سے بھی انہیں روکا گیا ‘ یہی صورت حال شبیر احمد شاہ ‘ اشرف صحرائی ‘ ڈاکٹر قاسم اور دیگر رہنماﺅں کے ساتھ بھی روا رکھا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس ریاستی دہشت گردی کا نوٹس ایمنسٹی انٹرنیشنل ‘ ایشیا واچ اور بھارت کے اندر انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی لیا ہے ۔ بھارت دانش وروں ارون دتی رائے ‘ گوتم نو لکھا سمیت دیگر دانشوروں نے بھی بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی ‘ایک طرف کشمیر یوں سے بھارت کا یہ رویہ ہے اور دوسری طرف وہ پاکستان کی سلامتی کے درپے ہے ‘ پاکستان کو پانی سے محروم کرنے کے لیے تمام دریاﺅں ‘ ندی نالوں پر بند باندھے جا رہے ہیں ۔ اب تک 56ڈیم بنائے جار ہے ہیں پاکستان کے وزیر داخلہ رحمن ملک نے پارلیمنٹ کو ان کیمرہ بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ‘ فاٹا اور دیگر علاقوں میں بھارت کی خفیہ ایجنسی ” را‘، ملوث ہے‘ افغانستان میں درجنوں ” را“ کے مراکز قونصلیٹ کی شکل میں کام کر رہے ہین ۔ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے کے لیے ایٹمی صلاحیت کو نشانہ بنانے کے لیے بھارت بھرپور مہم چلا رہا ہے ‘ ان حالات میں اس امر کی ضرورت ہے کہ بھارت کے دوستی اور تجارت کے سراب سے حکومت نکلے اور بھارت کو بے نقاب کرنے کے لیے او آئی سی ‘ اقوام متحدہ اور سیاسی و انسانی حقوق کے اداروں میں بھر پور کردار ادا کرے ۔ ان حالات میں بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دینا شہداءکشمیر کے خون سے غداری اور پاکستان کی سلامتی کو داﺅ پر لگانے کے مترادف ہے ‘ اس سے پاکستان کی صنعت اور تجارت کو بھی شدید دھچکا لگانے کا خدشہ ہے ‘ اس لیے اس فیصلے پر نظر ثانی کی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت جب تک مسئلہ کشمیر پر پیش رفت نہ کرے ‘ جزوی مسائل پر بات چیت کا کوئی حاصل نہیں ‘ ہم پاکستان کے قومی قائدین سے اپیل کرتے ہیں کہ انتخابی منشور اور حکمت عملی میں مسئلہ کشمیر کو سر فہرست رکھیں ‘ اس لیے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا جو ابھی تک دشمن کے قبضے میں ہے ‘ اس قبضے کو چھڑانے کے لیے قوم کو تیار کریں ۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر