{AF}
جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے ہزاروں کارکن 31مارچ تک پورے آزاد کشمیر میں ہنگامی اور جنگی بنیادوں پر وارڈ کی سطح تک موثر تنظیم اور کمیٹیاں تشکیل دیں،ارشد ندیم ایڈووکیٹ{/AF}
راولپنڈی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے ہزاروں کارکن 31مارچ تک پورے آزاد کشمیر میں ہنگامی اور جنگی بنیادوں پر وارڈ کی سطح تک موثر تنظیم اور کمیٹیاں تشکیل دیں،جماعت اسلامی حقیقی تبدیلی کے لیے صف بندی کررہی ہے عوام جماعت کی صفوں میں شامل ہوں تا کہ وہ اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ میں اپنا کردار ادا کر سکیں ان خیالات کااظہار انہوں نے امراء اضلاع کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ وارڈ اور پولنگ سٹیشن کی سطح پر تنظیم اور سیاسی کمیٹیاں اور ان کے صدور مقرر کیے جائیں تا کہ آمدہ انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی جا سکے انہوں نے امراء اضلاع کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں موثر سیاسی شخصیات ،تبدیلی چاہنے والے افراد خواتین اور نوجوانوں کو ہدف بنا کر اپنی صفوں میں شامل کریں انہوں نے کہا کہ ظلم اور فرسودہ نظام نے تعمیر و ترقی اور عدل و انصاف کے سارے دروازے بند کیے ہوئے ہیں ظلم کے نظام کے خلاف جماعت اسلامی اعلان جہاد کرتی ہے حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے آزادخطے کا سالانہ بجٹ اگر زمین پر بچھایا جاتا تو پورے کشمیر میں ایک نوٹوں کی تہہ بن جاتی مگر جب ہم آزاد خطے کے مسائل دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ بجٹ کا چھوٹا حصہ بھی مسائل کے حل کے لیے دیانتدارانہ انداز میں صرف نہیں ہوتا اگر بجٹ کا کچھ حصہ بھی دیانتدارانہ طریقے سے مسائل کے حل کے حوالے سے صرف کیا جاتا تو ہمارے کافی مسائل حل ہو چکے ہوتے،انہوں نے کہا کہ بجٹ کا ایک بڑا حصہ انتظامی اخراجات وزراء اور مراعات یافتہ طبقے کی نظر ہو جاتا ہے اور جو کچھ بچتا ہے وہ ان مراعات طبقے کے عزیز و اقارب اور ان کے منظور نظر ٹھیکیداروں کی جیبوں میں چلا جاتا ہے،جماعت اسلامی نے آزاد کشمیر میں تعلیم صحت اور خدمت کے میدان میں کار ہائے نمایاں سر انجام دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ اگر ان کو اختیار مل جائے تو وہ آزاد کشمیر کے مسائل چند سالوں میں حل کرسکتے ہیں۔