{AF}
کشمیری 15لاکھ بھارتی فوجیوں کا سر کشمیر کے پہاڑوں میں کچل دیں گے ،شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ{/AF}
مظفرآباد( پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کشمیری 15لاکھ بھارتی فوجیوں کا سر کشمیر کے پہاڑوں میں کچل دیں گے ،ہندوستان نے سیز فائر لائن پر اعلانیہ جنگ مسلط کی ہوئی ہے کشمیریوں کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی سازش ناکام ہو گی ،حکومت پاکستان اور پاک فوج ہندوستان کی اعلانیہ جنگ کا جواب دے پوری قوم ساتھ ہو گی ،سیز فائر لائن سے ملحقہ لوگ جو بھارتی فائرنگ سے متاثر ہورہے ہیں ان کی دیکھ بھال کے لیے حکومت فوری اقداما ت کرے ،ان خیالات کااظہارانہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر حکومت اپنے سارے وسائل تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کرے مجاہدین مہاجرین اور نقل مکانی کرنے والوں کی فوری امداد کی جائے ،انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر ان سارے کاموں کی خود نگرانی کریں اور وزراء بھی لوگوں کے کام کریں انہوں نے کہا کہ یہ نازک مرحلہ اور ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے کشمیر کی آزادی ابھی یا کبھی نہیں کے مرحلے پر ہے مقبوضہ کشمیر کے لوگ ہمارے کردار کے منتظر ہیں ہمیں اس مرحلے پر اپنے تمام سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کشمیرکی آزادی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا ،انہوں نے کہا کہ مودی کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے اس کے لیے وہ عملی اقدامات کررہا ہے اس کے مقابلے میں حکومت پاکستان کی طرف سے اس طرح کا عملی اقدام کا فقدان نظر آتا ہے اس کمی کو فوری پورا کرنے کی ضرورت ہے حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے ۔