{AF}
مقبوضہ کشمیر میں نریندر مودی اور اس کی قابض 8لاکھ افواج کشمیریوں کا خون پانی کی طرح بہا رہی ہے ،عبدالرشید ترابی {/AF}
نوشہرہ( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نریندر مودی اور اس کی قابض 8لاکھ افواج کشمیریوں کا خون پانی کی طرح بہا رہی ہے ،نریند ر مودی آرایس ایس کے ایجنڈے کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے مسلمانوں کا ہمیشہ کے لیے سفایا کرنے کے خطر ناک عزائم رکھتے ہیں ،مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے قتل عام کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر مسلمانوں کو ہجرت پر مجبور کرنے کے لیے بڑے قتل عام کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے حکومت پاکستان اس سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے بھارت کو دنیا میں بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر کی آزادی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے ،قاضی حسین احمد ؒ نے کشمیریوں کے لیے تاریخ ساز جدوجہد کی جماعت اسلامی پاکستان اول روز سے اس تحریک کی پشتیبان ہے جس پر اہل کشمیر دل سے ان کے شکر گزار ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ کے نومنتخب امیر رافت اﷲ کی حلف کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق ایم این اے صاحبزادہ ہارون الرشید،آصف لقمان قاضی،رافت اﷲ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ نریندر مودی پاکستان کی طرف بہنے والے دریاؤں پر ڈیم تعمیر کر کے پاکستان کا پانی روک کر اس کو بنجر صحرا میں تبدیل کرنے کی سازش کررہے ہیں آئے روز بلا اشتعال سیز فائر لائن پر فائرنگ کر کے نہتے شہریوں کو شہید کیا جارہا ہے کشمیر کے اندر گورنر راج کے ذریعے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں طاقت کے بے دریغ استعمال کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہ کر سکے اور اس تحریک کو کمزور نہ کیا جاسکا تو نریند رمودی نے آر ایس ایس کے ایجنڈے کے مطابق 35Aکو ختم کر کے یہ منصوبہ تیار کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر ہندو بستیاں بسائی جائیں اور کشمیریوں کا عرصہ حیات تنگ کر کے ان کو ہجرت پر مجبور کیا جائے جو ہجرت کے لیے تیار نہ ہوں ان کا قتل عام کیا جائے تا کہ یہاں ہندو اکثریت میں آجائیں ،انہوں نے کہاکہ جموں ریجن کو آزاد ریاست کا سٹیٹس دے کر وہاں سے بھی مسلمانوں کو مکمل طور پر بے دخل کرنے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہونے کے لیے حکمت عملی بنائی جارہی ہے ،انہوں نے کہاکہ عالمی برادری اس کا نوٹس لے اور اپنے عہد کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق دے آزادکشمیر کے لاکھوں افراد اور مہاجرین یہ ظلم برداشت نہیں کرسکتے و ہ اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے سیز فائر لائن کو توڑ ڈالیں گے لاکھوں سابق فوجی اور مجاہدین مجبور ہو کر اسلحہ اٹھائیں گے انہوں نے کہاکہ قابض فوج مٹھی بھر مجاہدین کا مقابلہ نہیں کر سکتی تو لاکھوں مجاہدین کا کیسے کرے گی ہندوستان نوشتہ دیوار پڑھے اور کشمیرکو آزاد کرے ۔