{AF}
مقبوضہ کشمیر میں جو مظالم کی انتہا ہو رہی ہے اس کا تقاضا ہے کہ 1947ء والا مجاہدانہ کردار کا احیاء کیا جائے ، عبدالرشید ترابی{/AF}
راولاکوٹ ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جو مظالم کی انتہا ہو رہی ہے اس کا تقاضا ہے کہ 1947ء والا مجاہدانہ کردار کا احیاء کیا جائے ، خطہ پونچھ کے قائدین نے تحریک آزادی میں تاریخی کردار ادا کیا ہے ، کیپٹن حسین شہید ، کرنل ہدایت خان ، غازی ملت سردار ابراہیم خان ، خان آف منگ ، جیسے کردار یہاں سے ابھرے ہیں ،ان اسلاف کی روایات پروان چڑھانے کی ضرورت ہے ، رواداری کا ماحول پیدا کیا جائے ، ڈاکٹر اکبر حسین مرحوم نے تحریک آزادی کشمیر اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے خود کو وقف کر رکھا تھا ، یہاں کے لوگ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سماجی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما سابق ڈسٹرکٹ کونسلر ڈاکٹر اکبر حسین کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ممبر اسمبلی کے بی خان ، سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان ، نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود ، امیر ضلع سردار زاہد رفیق ایڈووکیٹ ، سردار حبیب خان ، اکبر حسین کے بیٹے سردار رشید سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر سید علی گیلانی سمیت دیگر قائدین نے آزادی کی شمع جلائی ہوئی ہے ، سیزفائرلائن پر بھارت کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کی جا رہی ہے ہم حالت جنگ میں ہیں نریندر مودی کی یہ بھول ہے کہ وہ گیدڑ بھبکیوں سے ہمیں کشمیریوں کی حمایت سے دستبردار کروا سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جذبہ جہاد اور اتحاد ہی میں کامیابی ہے ، نوجوان نسل کو یہ باور کرانا ضروری ہے کہ ہمارے اسلاف نے کس قدر قربانیاں دے کر یہ خطہ آزاد کرایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر سے آگاہی کے لیے ضروری ہے کہ تحریک آزادی کو نصاب کا حصہ بنایا جائے ۔ روایات منتقل کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی سردار خان بہادر خان نے کہا کہ ڈاکٹر اکبر حسین کی خدمات قابل تحسین ہیں ، یہاں کی تعمیر وترقی اور رفاع عامہ کے لیے خدمات ان کی مرہون منت ہے ، انہوں نے ہمیشہ میرے ساتھ تعاون کیا اور ہم نے تعمیر و ترقی کی ۔