{AF}
کوٹلی حلقہ نمبر1کے مسائل کا ذمہ دار 25سال سے مسلط ملک نواز ہے،محمود الحسن چودھری{/AF}
کوٹلی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر محمود الحسن چودھری نے کہا ہے کہ کوٹلی میں ایک انتخابی حلقہ بنایا جائے ،کوٹلی حلقہ نمبر 1کے عوام بنیادی انسانی سہولیات سے محروم ہیں کوٹلی شہر اور اس کے مضافات کھنڈرات کا نقشہ پیش کررہے ہیں ہسپتال ڈاکٹروں اور ادویات سے خالی ہیں محکمہ تعلیم نے سکولوں کا بیڑا غرق کر دیا ہے نوجوان نسل تعلیم سے محروم ہو رہی ہے کوٹلی شہر آثار قدیمہ بنا ہوا ہے نہ سیوریج کا کوئی سسٹم ہے نہ سڑکیں ہیں نہ پانی ہے عوام 25سال سے جس فرد کو مسلط کررہے ہیں اس کی مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کوٹلی کے دوران وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ملک نواز لوگوں کے ذاتی کیے ہوئے کاموں کو اپنے کھاتے میں ڈال رہے ہیں انہوں نے کہا کہ میں کوٹلی حلقہ نمبر1کی ملک برادری سے یہ کہتا ہوں کہ وہ نا اہل شخص کو بار بار اسمبلی میں بھیجنے کی غلطی نہ دہرائیں اور قیادت کو تبدیل کریں انہوں نے کہا کہ ملک نوا ز سمیت حلقہ نمبر1کے سارے نمبرداروں کو دریا پونچھ کے حوالے کیا جائے تا کہ یہاں کے عوام کی قسمت سنور جائے انہوں نے کہا کہ ظلم کے اس نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے اور اس نظام کے محافظوں کو بھی بدلنے کی ضرورت ہے تا کہ اﷲ کا دیا ہوا نظام غالب ہو اور لوگوں کے مسائل حل ہوں انہوں نے کہاکہ یہ کتنی بڑی بد قسمتی ہے کہ ایک ہی فرد ربعہ صدی سے اسمبلی میں ہے سنیئر وزیر بھی رہ چکے ہیں مگر کوٹلی کے مسائل جس طرح 25سال پہلے تھے آج بھی اسی طرح ہیں میں سمجھتا ہوں کہ ملک نواز کو خود ہی سیاست سے کنارہ کشی کر لینی چاہیے۔