{AF}
آج یوم سیاہ اور 5فروری تک عشرہ یکجہتی کشمیر پوری دنیا میں بھر پور انداز سے منائیں گے، عبدالرشید ترابی {/AF}
آج یوم سیاہ اور 5فروری تک عشرہ یکجہتی کشمیر پوری دنیا میں بھر پور انداز سے منائیں گے، عبدالرشید ترابی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف 5فروری کو مظفر آباد میں اسمبلی ، کشمیر کونسل اور کشمیری قیادت سے مشاورت کے بعد مسئلہ کشمیر پر واضح اور دو ٹوک لائحہ عمل کا اعلان کریں ، بھارت سے مذاکرات کو مقبوضہ کشمیر سے فوجی انخلاء ، کالے قوانین کا خاتمہ اور سیاسی قیدیوں کی رہائی سے مشروط کیا جائے، جماعت اسلامی بھرپور انداز سے آمدہ انتخابات میں حصہ لے گی ، گلگت بلتستان کے حوالے سے کمیٹی کے پاس سفارشات ہیں تو وہ کشمیری قیادت سے مشاورت کرے ،چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کر کے انتخابی عمل کا آغاز کیا جائے ، چوہدری غلام عباس غیر متنازعہ لیڈر تھے ان کے مزار کے حوالے سے کارروائی قابل مذمت ہے ، مجرموں کو سزا دی جائے باغ ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ وسطی باغ عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ آج کشمیری بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے موقع پر یوم سیاہ منائیں گے ،اور 5فروری تک عشرہ یکجہتی کشمیر پوری دنیا میں منایا جائے گا ، ضلعوں کی سطح پر سیمینارز اور تقریبات منعقد کی جائیں گی ، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف 5فروری کو متوقع اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس اور کشمیری قیادت سے مشاورت کے بعد کشمیر کے حوالے سے واضح اور دو ٹوک لائحہ عمل کا اعلان کریں ، نریندر مودی کے پاکستان آنے کی وجہ سے شکوک و شبہات پیدا ہوئے ہیں ان کو دور کرنا بہت ضروری ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ بات چیت کو مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجی انخلاء ، کالے قوانین کے خاتمے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی سے مشروط کیاجائے، تا کہ پتہ چل سکے کہ بھارت مذاکرات کے حوالے سے کتنا اخلاص رکھتا ہے ، چونکہ بھارت کی ہمیشہ سے یہ روایت رہی ہے کہ وہ جب بھی دباؤ میں آیا تو اس نے مذاکرات کو بطور ہتھیار استعمال کیا ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر آمدہ انتخابات میں بھر پور انداز سے حصہ لے گی اور موثر پارلیمانی گروپ لے کر اسمبلی میں جائے گی ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سطح پر قائم گلگت بلتستان کی کمیٹی کے پاس اگر کوئی سفارشات ہیں تو وہ کشمیری قیادت کے سامنے پیش کرے ، جماعت اسلامی نے گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی اور سیاسی حقوق کے لیے طویل جدوجہد کی ہے اور جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو ریاست کے سارے حصوں میں موجود ہے۔ایسی کوئی بے تدبیری نہ کی جائے جس سے بھارت کو تقسیم کشمیر کی ترغیب ملے ، ایسا کوئی اقدام نہ اٹھایا جائے جس سے کشمیر کاز کو نقصان ہو اور پاکستان کے مفادات کے خلاف ہو اس اہم مسئلے پر کشمیری قیادت کو اعتماد میں لیاجائے۔ حریت کانفرنس سمیت آزادکشمیر اسمبلی اور تمام جماعتوں کے قائدین نے اپنا موقف دے دیا ہے حکومت پاکستان کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فوری طور پر چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کر کے انتخابی عمل کو آگے بڑھایا جائے حکومت آزاد کشمیر اور کشمیر کونسل انتخابات میں مداخلت کے بجائے فری اینڈ فیئر انتخابات کو یقینی بنائے۔ چیف الیکشن کمشنر کا تقرر نہ کرنا تاخیری حربے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وزارت امور کشمیر کا انتخابات میں عمل دخل مسائل کی جڑ ہے ، جس کی وجہ سے حقیقی قیادت منتخب نہیں ہوتی اور وزارت امور کشمیر کی آشیر باد سے جو لوگ منتخب ہوتے ہیں وہ عوامی خواہشات کی ترجمانی نہیں کر سکتے جس کے پہلے بھی ہم نتائج بھگت چکے ہیں اور آئندہ اس سلسلے کو ختم ہونا چاہیے ۔ انہو ں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس غیر متنازعہ لیڈر تھے ان کے مزار کے حوالے سے جو بھی کارروائی ہوئی ہے وہ قابل مذمت ہے ، اور جن لوگوں نے یہ کام کیا ہے ان کو قرار واقعی سزادی جائے۔