{AF}
ہندوستان سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ اور بے گناہ نہتے شہریوں کو شہید کرنے سے باز نہ آیا تو آزاد خطے کے بہادر اور غیور لوگ 1947ء کی تاریخ دہرائیں گے، ڈاکٹر خالد محمود{/AF}
راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہاہے کہ ہندوستان سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ اور بے گناہ نہتے شہریوں کو شہید کرنے سے باز نہ آیا تو آزاد خطے کے بہادر اور غیور لوگ 1947ء کی تاریخ دہرائیں گے،ہندوستان امریکہ اور اسرائیل کی شہ پر پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کررہا ہے پوری قوم مل کر ہندوستان جیسے مکار دشمن کا مقابلہ کرے ،شہداء کا خون رائیگان نہیں جائے گا ہندوستان نے کشمیریوں کو حق خودارادیت نہ دیا تو بھارت کا وہ حشر ہو گا جو سابق سویت یونین کا ہوا ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے سنگولہ سے تعلق رکھنے والے ندیم شہید کے ہاں تعزیت کے بعد وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر اور پاکستان مل کر سیز فائر لائن کے متاثرین کی مشکلات دور کریں،شہداء کو پاک فوج کے برابر معاوضہ دیں ،ایمرجنسی سروس کا اہتمام کریں،ریلیف کا اہتمام کیا جائے انہوں نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن اس کے رضا کار ہمہ وقت خدمت کے لیے تیار ہیں لیکن حکومت متاثرین کی امداد کے لیے آگے بڑھے ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کا نوٹس لیں ،کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں کشمیری آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔