جماعت اسلامی آزاد کشمیرگلگت بلتستان کے اراکین جنرل کونسل کا یہ اجلاس گلگت بلتستان میں امیر اہلسنت و الجماعت قاضی نثار پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتاہے اور اس کو گلگت بلتستان کے مسلکی ہم آہنگی پر حملہ قراردیتاہے جی بی کے عوام سے اپیل کرتاہے کہ یہ حساس خطہ ہے اوردشمنوں کی نظریں اس پر لگی ہیں سب مل کر ان سازشوں کو ناکام بنائیں۔ یہ اجلاس اس امر پر تشویش کااظہارکرتاہے کہ گلگت بلتستان میں قائم حکومتی ڈھانچہ عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہواہے آئے روز گلگت بلتستان اور چین باڈر پرتاجروں سمیت، وکلاء اور دیگر ملازمین اپنے اپنے مطالبات تسلیم کرانے کے لیے سڑکوں پر ہوتے ہیں جس سے عوام بری طرح متاثر ہورہے ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی۔یہ جلاس مطالبہ کرتاہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو حکومت صحت اور تعلیم کی سہولیات مفت فراہم کرے۔
20ہزار میگاوٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھنے والا یہ خطہ بجلی کی کمی وجہ سے بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہے شدید گرمی میں بھی کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہتی ہے جس سے روزمرہ کے معاملات متاثرہورہے ہیں،فوری طور پر لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کیاجائے۔داسواور دیامر ڈیم کی تعمیر کا کام تیز کیاجائے متاثرین ڈیم کے مسائل حل کیے جائیں۔یہ اجلاس مطالبہ کرتاہے کہ آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کو آئینی طورپر باہم مربوط کیاجائے،گلگت بلتستان کو بھی آزاد کشمیرکی طرز کانظام حکومت دیاجائے،ریاست کے دونوں آزاد خطوں کو دو الگ یونٹس کی شکل دی جائے۔کشمیرکونسل کو اپرہاؤس کا درجہ دے کرریاست کے دونوں آزاد خطوں کی برابر نمائندگی دی جائے،صدر ایک ہو اور وزراء اعظم الگ الگ ہوں ایک ٹرم میں صدر آزادکشمیرسے ہو اور ایک ٹرم میں صدر گلگت بلتستان سے ہو،دونو ں کو باہم مربوط کرکے تحریک آزادی کشمیرکا موثربیس کیمپ بنایاجائے۔
یہ اجلاس مطالبہ کرتاہے کہ گلگت بلتستان میں کرپشن اقرباپروری کاخاتمہ کر کے تمام ترقیاتی منصوبوں کوفوری طور پر مکمل کیاجائے، منصوبے
بروقت مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ان کی لاگت کئی گنا بڑھ جاتی ہے اجلاس کایہ احساس ہے کہ متحرک اور بااختیار حکومتی ڈھانچہ ہی ان مسائل سے ریاست کو نکال سکتاہے۔استور ویلی روڈ جس کاٹینڈر بھی ہوچکاہے التو ا کاشکار ہے اس پر فوری کام کا آغاز کیاجائے۔یہ اجلاس مطالبہ کرتاہے کہ ریاست کے دونوں آزاد خطوں کو باہم ملانے والی شاہراہ شونٹر کی تعمیر کو یقینی بنایاجائے ا ور کام کاآغازکیاجائے۔یہ اجلاس مطالبہ کرتاہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائے۔